پی ٹی آئی کے خالد خورشید وزیراعلی گلگت بلتستان منتخب

گلگت(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے  گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد ایوان کے امیدوار ایڈوکیٹ خالد خورشید 22 ووٹ لے کر وزیراعلی گلگت بلتستان منتخب ہوگئے۔خالد خورشید کے مد مقابل اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار امجد حسین ایڈووکیٹ کو 9 ووٹ ملے۔ امجد ایڈوکیٹ اب گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہونگے۔ایڈووکیٹ خالد خورشید گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ 13 استور 1 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں۔ خالد خورشید ضلع استور کے علاقے رٹو سے تعلق رکھتے ہیں۔ایڈووکیٹ خالد خورشید گلگت بلتستان کے چیف کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ خورشید کے صاحبزادے ہیں۔ خالد خورشید نے  2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے امجد زیدی گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر اور ںذیر احمد ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔