کراچی :پی ٹی سی ایل نے سندھی کے بعدبلوچی زبان میں بھی کسٹمر سپورٹ سروسز متعارف کروادی

کراچی(ویب  نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)نے اپنی خودکار ہیلپ لائن 1218 سے بلوچی زبان میں کسٹمر سپورٹ سروسز متعارف کرائی ہیں۔بلوچی زبان میں سروسز کا اجرا ء پاکستان بھر میں صارفین کو ان کی مقامی زبان میں خدمات کی فراہمی پی ٹی سی ایل کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔ پی ٹی سی ایل نے حال ہی میں صارفین کی موثر انداز میں خدمات فراہم کرنے کیلئے سندھی زبان میں کسٹمر سپورٹ سروسز متعارف کرائی تھیں۔ پی ٹی سی ایل کے فلسفہ کی بنیاد ملک بھرکے تمام علاقوں اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے صارفین کیلئے برابری او ر سروس کے معیار پر مبنی ہے۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، مقیم الحق، چیف کمرشل آفیسر اور گروپ چیف سٹریٹیجی آفیسر، پی ٹی سی ایل اور یوفون نے کہا ”قومی کمپنی ہونے کی حیثیت سے پی ٹی سی ایل پاکستان بھر میں اپنے صارفین کو معیاری خدمات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ بلوچی زبان میں کسٹمر سپورٹ سروسز کا اجراء  درست سمت میں ایک قدم ہے کیونکہ ہم معاشرے کے تمام طبقات کی بلا امتیاز خدمت کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ مزید برآں، پی ٹی سی ایل مواصلات کے فرق کو ختم کرنے اور اپنے صارفین سے مشغول ہونے کے لئے زیادہ سے زیادہ صارف دوست چینلز فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ہم دیگر علاقائی زبانوں کو بھی اپنے سسٹم میں شامل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ”چونکہ کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا اس لئے پی ٹی سی ایل کے صارفین اپنے گھروں میں محفوظ رہتے ہوئے بلاتعطل سروسز سے آسانی کے ساتھ مستفیدہوسکتے ہیں جبکہ انہیں یہ سروسز ان کی مقامی زبان میں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔