پی ڈی ایم ”نیازی حکومت“ کے بجائے آپس میں ہی دست وگریبان ہوچکی ہے: حافظ حسین احمد

اپوزیشن کی دو جماعتوں کے مقدمات اور مفادات کی وجہ سے حکومت گرانے کے خلاف موثر اور نتیجہ خیز تحریک ناکام ہوگئی

ڈھائی سال میں اپوزیشن نہ خود استعفیٰ دے سکی اور نہ حکمرانوں سے لے سکی ”لانگ مارچ“ کرنے والوں نے ”شارٹ مارچ“ تک نہیں کیا

الیکٹرو کالج ختم کرنے سمیت سینٹ اور ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرنے والوں نے دھاندلی زدہ اسمبلی سے سینٹ کی ایک نشست جیت لی

اپوزیشن رہنما بار بار ہاتھ دھونے اور عمرانی حکومت کو گرانے کے لیے ہاتھ میں ہاتھ ڈالنے کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہاتھ کرنے لگے ہیں

مفاداتی اتحاد میں نہ باہمی اعتماد کے ایس او پیز کا خیال رکھا گیا نہ احترام کے چھ فٹ کے فاصلے کو اہمیت دی گئی اور نہ آپس میں رواداری کے ”ماسک“ کا استعمال کیا گیا

 کوئٹہ (ویب نیوز ) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم ”نیازی حکومت“ کے بجائے آپس میں ہی دست وگریبان ہوچکی ہے۔ وہ اسلام آباد، پشاور اور مردان میں رابطہ دفاتر کے افتتاح اور تنظیمی دوروں کے بعد جمعہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل دوجماعتوں کے مقدمات، مفادات اور بیرون ملک علاج کے بہانے ملک سے فرار کے حوالے سے کوششیں حکومت گرانے کے خلاف موثراور نتیجہ خیز تحریک کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکی ڈھائی سال میں اپوزیشن نہ خود استعفیٰ دے سکی اور نہ حکمرانوں سے لے سکی بار بار تار یخیں دینے کے باوجود ”لانگ  مارچ“ تو کیا ”شارٹ مارچ“ کی بھی توفیق نہیں ہوئی اورسینٹ کے ”الیکٹروکالج“ کوختم کرنے کے بلندوبانگ دعویداروں نے نہ صرف سینٹ انتخابات میں حصہ لیا بلکہ ضمنی الیکشن اور دھاندلی زدہ قومی اسمبلی کی سینٹ کے دو نشستوں پر طبع آزمائی کرکے ایک نشست حاصل بھی کرلی اس طرح پی ڈی ایم کے اپوزیشن کے پھول بن کھلے مرجھاگئے جمعیت علماء اسلام پاکستان کے رہنماء نے کہا کہ اپوزیشن رہنماء بار بار ہاتھ دھونے اورعمرانی حکومت کو گرانے کے لیے ہاتھ میں ہاتھ ڈالنے کی بجائے ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہاتھ کرنے لگے ہیں اس مفاداتی اتحاد میں نہ باہمی اعتماد کے ایس او پیز کا خیال رکھا نہ احترام کے چھ فٹ کے فاصلے کو زیادہ اہمیت دی گئی اور نہ آپس میں رواداری کے ”ماسک“ کا خاطر خواہ استعمال کیا جاسکا اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے پی ڈی ایم کو ”سیاسی کرونا“ 2021 ء سے محفوظ رکھے آمین اور تمام بیمار قیادت کو جلد شفاء کاملہ و عاجلہ عطاء فرمائے آمین ثم آمین۔