اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ چین کے ساتھ ملکر کورونا ویکسین تیار کررہے ہیں جو ٹرائل کے تیسرے مرحلے میں ہے۔

شنگھائی تعاؤن تنظیم کی سربراہ کونسل کے اجلاس سے وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی یکجہتی اور تعاؤن مشکل وقت سے گزرنے کے لیے نہایت کار آمد ہوگا جب کہ شنگھائی تعاون تنظیم نے 2 دہائیوں میں بے پناہ کامیابیاں سمیٹی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پوری دنیا کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی، پاکستان نے اسمارٹ لاک ڈاؤن سےغریبوں کو بھوک سے بچایا جب کہ کورونا کے دوران ترقی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر ملکوں کی مدد کرنی چاہیے۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کورونا ویکسین پر جاری کام کی پیش رفت سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ ملکر کورونا ویکسین تیار کر رہے ہیں، جو ٹرائل کے تیسرے مرحلے میں ہے، پاکستان چین کی کورونا وائرس سے لڑنے کی حکمت عملی کو سراہتا ہے۔

وزیر اعظم نے افغان صورت حال سے متعلق دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسےعناصر سے ہوشیار، خبردار رہنا چاہیے جو افغانستان میں امن نہیں چاہتے۔