کورونا وبا کے دوران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کے اعتراف میں وزیراعلیٰ آفس میں تقریب
وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالاگنا رتنے نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو شیلڈ پیش کی
ڈاکٹر یاسمین راشد نے فرنٹ لائن پر رہ کر فرائض سرانجام دیئے، خدمات کا اعتراف پنجاب حکومت کے لئے باعث فخر ہے:عثمان بزدار

لاہور(ویب نیوز )کورونا وبا کے دوران عالمی ادارہ صحت کی جانب سے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کے اعتراف میں وزیراعلیٰ آفس میں تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالاگنا رتنے نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو شیلڈ پیش کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عالمی سطح پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کا اعتراف پنجاب حکومت کے لئے باعث فخر ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا وباء کے دوران فرنٹ لائن پر رہ کر فرائض سرانجام دیئے۔محکمہ صحت کو کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں کورونا کے 2451 مریض سامنے آئے اور پنجاب میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد20274 ہو چکی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے باعث43 اموات ہوئیں اور پنجاب اب تک کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد6140 ہو گئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 17,315 ٹیسٹ کئے گئے اور صوبے میں اب تک 3,719,232 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کے دوران شہری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ انسداد کورونا کیلئے حکومتی گائیڈلائنز پھر عمل کرنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے۔ عوام کی زندگیوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے۔پنجاب میں 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ہیڈبرائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالاگنا رتنے نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد نے فرنٹ لائن پر بے مثال خدمات سرانجام دیں اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے بہترین کام کیا اور ہزاروں زندگیاں بچائیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سربراہی میں پنجاب میں کورونا وبا کی تیسری لہر سے نمٹنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ ایوارڈ پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور عالمی ادارہ صحت کی شکر گزار ہوں۔