کراچی، تخریبی کاری کا منصوبہ ناکام، 1 دہشتگرد ہلاک ، 5 گرفتار

ملزمان سے 4 خودکش جیکٹس، 15 دستی بم، 4 کلاشنکوف، سیکڑوں گولیاں اور دو راکٹ برآمد

دہشتگردوں کے زیر استعمال عمارت کو کلیئر کر دیا گیا، رکشے میں موجود دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا،حکام

پچھلے 2 ہفتوں سے دہشتگردوں کی شہر میں موجودگی کی اطلاع تھی،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد

کراچی (ویب  نیوز)کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹائون میں کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اورحساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے1 دہشتگرد کو ہلاک جبکہ 5 کو گرفتار کرلیا، دہشتگردوں کے دستی بم کے حملے سے بکتربند گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق  علی الصبح 4بجے دہشت گردوں اور سی ٹی ڈی اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ تقریباً ایک گھنٹے تک ہوا ،ایک دہشتگرد ہلاک اور 5دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دہشت گردوں نے بکتر بند گاڑی پر دستی بم سے بھی حملہ کیا جس سے اسے شدید نقصان پہنچا،دستی بموں کے حملوں سے پورا علاقہ گونج اٹھا ۔ہلاک دہشت گرد کی لاش مردہ خانے منتقل کردی گئی ۔انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب نے بتایا کہ شاہ لطیف ٹائون میں ایک عمارت میں دہشتگرد موجود تھے، خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے ایک رکشہ عمارت کے گیٹ کے سامنے کھڑا کر رکھا تھا جس کے خفیہ خانوں میں بارودی مواد نصب تھا اور دہشتگرد مکمل طور پر کارروائی کے لیے تیار تھے۔انہوں نے کہا کہ نیکٹا کی جانب سے کچھ عرصہ قبل الرٹ جاری کیا گیا تھا، اور ہم کافی عرصے سے عمارت کی سرویلنس کر رہے تھے، پولیس مقابلے میں ہلاک اور گرفتار دہشتگردوں کی شناخت کا عمل اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔بم ڈسپوزل سکواڈ (بی ڈی ایس)کے مطابق دہشتگروں کے قبضے سے 4 خودکش جیکٹس، 15 دستی بم، 4 کلاشنکوف، سیکڑوں گولیاں اور دو راکٹ بھی برآمد ہوئے جن کی فرانزک جانچ کر ائی جائے گی۔حکام نے بتایا کہ دہشتگردوں کے زیر استعمال عمارت کو کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ رکشے میں موجود دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا ، رکشے میں بال بیئرنگ اور نٹ بولٹس کو مختلف خانوں میں چھپایا گیا تھا۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے کہا ہے کہ پچھلے 2 ہفتوں سے دہشتگردوں کی شہر میں موجودگی کی اطلاع تھی، حساس اداروں کی فراہم کردہ اطلاعات پر چھاپہ مارا، دہشتگردوں کی شناخت تاحال نہیں کی جاسکی ۔