کراچی:لکی سیمنٹ کااپنے پیزو پلانٹ میں سیمنٹ کی پیداواری صلاحیت میں 3.15ملین ٹن سالانہ اضافہ کرنے کا اعلان

کراچی(ویب  نیوز)ملک میں سیمنٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے لکی سیمنٹ نے اپنے پیزو پلانٹ میں سیمنٹ کی پیداواری صلاحیت میں 3.15ملین ٹن سالانہ اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس منصوبے پر کام کا آغاز موجودہ مالیاتی سال میں شروع ہونے کا امکان ہے اور یہ منصوبہ ڈیڑھ سے 2سال کے اندر مکمل ہوجائے گا۔ اس توسیع منصوبے سے کمپنی کی پیداواری صلاحیت 15.3ملین ٹن سالانہ ہوجائے گی۔لکی سیمنٹ نے 31دسمبر2020کو ختم ہونے والی ششماہی میںبعدازٹیکس12.44 ارب روپے کے مجموعی منافع کا اعلان کیا ہے جس میں سے  2.08ارب  روپے کا تعلق اقلیتی حصص داران (نان کنٹرولنگ انٹرسٹ)سے ہے۔ کمپنی کی فی حصص آمدنی پچھلے سال کی اسی مدت کے9.93روپے کے مقابلے میں32.05 روپے فی شیئررہی۔مجموعی طور پرکمپنی کاٹرن اوور 56فیصد اضافے کے ساتھ پچھلے سال کی اسی مدّت کے 79.56ارب روپے کے مقابلے میں 123.72ارب روپے رہا۔ زیرِ جائزہ مدّت کے دوران کمپنی کے مجموعی خالص منافع(ہولڈنگ کمپنی کے مالکان سے منسوب)میں گزشتہ سال کی اسی مدّت کے مقابلے میں 223فیصد اضافہ ہوا۔انفرادی بنیادوں پر لکی سیمنٹ کا مجموعی سیلز حجم35.9فیصد اضافے کے ساتھ4.99ملین ٹن رہا۔ موجودہ مالی سال کے پہلے 6ماہ میں کمپنی کی مقامی فروخت پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے 2.59ملین ٹن کے مقابلے میں41.2فیصد اضافے کے ساتھ 3.66ملین ٹن رہی۔ اس کے علاوہ کمپنی کا ایکسپورٹ سیلز حجم پچھلے سال کے اسی عرصے کے1.08ملین ٹن کے مقابلے میں اس سال23.3فیصد اضافے کے ساتھ1.34ملین ٹن تک پہنچ گیاہے۔ لکی سیمنٹ کے سماواء عراق میںواقع 1.2ملین ٹن کے سیمنٹ پلانٹ نے جنوری کے تیسرے ہفتے سے آزمائشی بنیادوں پر پیداوار کا آغاز کردیا ہے اور توقع ہے کہ فروری 2021سے کمرشل پراڈکشن کا آغازہوجائے گا۔کمپنی نے اطلاع دی ہے کہ پورٹ قاسم پر کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا سپر کریٹیکل1 X 660  میگاواٹ کا پلانٹ بھی اس سہ ماہی کے آخر تک 95فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ پراجیکٹ کے آپریشنل ہونے کیلئے ضروری انٹرکنیکشن فیسلٹی کی دستیابی کیلئے کمپنی سی پی پی اے، این ٹی ڈی سی اور پی آئی بی کے ساتھ رابطے میں ہے اور امید ہے کہ یہ منصوبہ اگلے مالیاتی سال کی پہلی سہ ماہی کے وسط تک کمرشل آپریشنز کا آغاز کردے گا۔