DCIM100MEDIADJI_0224.JPG

کراچی(ویب ڈیسک)

ٹھٹھہ کی کینجھر جھیل میں تیز رفتار تفریحی کشتی تیز ہواں کے باعث الٹ گئی۔ کراچی کے علاقے محمود آباد سے گئے ایک ہی خاندان کے 10 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، تین کو بچالیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹھٹھہ کی کینجھر جھیل میں الٹنے والی کشتی میں 13 افراد سوار تھے جن میں11 خواتین اور 2 بچے شامل تھے۔ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ عثمان تنویر نے کشتی میں موجود افراد کی تعداد کی تصدیق کی اور کہا کہ نکالی گئی 10 لاشوں میں سے 8 خواتین اور 2 بچوں کی ہیں جبکہ اس کشتی میں سوار 3 افراد کو بچالیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے محمود آباد سے تعلق رکھنے والے افراد کشتی میں کینجھر جھیل کی سیر کر رہے تھے کہ اس دوران کشتی الٹ گئی اور 13 افراد ڈوب گئے۔ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں 3 سگی بہنیں بھی شامل ہیں، جھیل سے سعدیہ یوسف، روبینہ یوسف، شانزہ یوسف، عظمی، صبیحہ اور ماہم سمیت 2 بچوں کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی نے کینجھر جھیل میں کشتی الٹنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرین کی مدد میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔