کراچی(صباح نیوز)

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسر ے ہفتے بھی مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس700پوائنٹس بڑھ گیا جسکی وجہ سے انڈیکس32800پوائنٹس کی نئی سطح پر بند ہوا ،تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 150ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 60کھرب روپے سے بڑھ کر62کھرب روپے کی بلند سطح پر جا پہنچا ۔منافع بخش حصص کی خریداری میں تیزی کے سبب 54.93فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پہلے دن مارکیٹ منفی زون میں رہی جس کی وجہ سے انڈیکس1ہزار پوائنٹس لوز کر گیا جبکہ باقی4دنوں میں کاروباری اتار چڑھائو کے بعد تیزی کا رجحان غالب رہا اور انڈیکس نے 1798.84پوائنٹس ریکور کر لئے ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈائون کے سبب معاشی سست روی کے پیش نظر بروکریج ہائوسز نے منافع کی خاطر فروخت کو ترجیح دی اسی وجہ سے پہلے دن مارکیٹ تنزلی کا شکار ہوئی لین دیگر کاروباری دنوں میں منافع بخش شیئرز کی خریداری اور حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کو ٹیکسوں کے چھوٹ کے بعد اس سیکٹر میں تیزی آنے کے امکانات روشن ہونے پر سرمایہ کاروں نے سیمنٹ سیکٹر کے حصص کی خریداری کو ترجیح دی اسی سبب مارکیٹ مثبت زون میں چلی گئی اور تیزی کا یہ رجحا ن کاروباری ہفتے کے آخری دن تک غالب رہا ۔ماہرین نے اس توقع کا اظہار کیا کہ لاک ڈائون کے ختم ہونے کے بعد معاشی سرگرمیوں کی اجازت ملنے پر مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب آ سکتا ہے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںگذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں798.62پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس32033.21پوائنٹس سے بڑھ کر32831.83پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای30انڈیکس202.34پوائنٹس کے اضافے سے14205.20پوائنٹس سے بڑھ کر14407.56پوائنٹس ہو گیا اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس22695.46پوائنٹس سے بڑھ کر 23259.22پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا ۔ کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب50ارب9کروڑ73لاکھ37ہزار60روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 60کھرب55ارب9کروڑ62لاکھ68ہزار266روپے سے بڑھ کر62کھرب5ارب19کروڑ36لاکھ5ہزار روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس ایک موقع پر33256.82پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس ایک موقع پر30927.91پوائنٹس کی کم سطح پر بھی دیکھا گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ8ارب روپے مالیت کے30کروڑ 23ہزار98ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم4ارب روپے مالیت کے11کروڑ91لاکھ2ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر1722کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے946کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،687میں کمی اور89کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ہیسکول پیٹرول ،میپل لیف ،پائینر سیمنٹ ،پاک الیکٹرون ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،کے الیکٹرک لمیٹڈ ،ڈی جی کے سیمنٹ ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،بینک آف پنجاب ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ ،گل احمد ،پی ٹی سی ایل،فلائنگ سیمنٹ ، فوجی سیمنٹ ،اینگرو پولیمر ،لوٹے کیمیکل ،ورلڈ کال ٹیلی کام اور اینگرو فرٹیلائزر سر فہرست رہے۔