دنیا بھر میں کشمیری آج  بھارتی یوم جمہوریہ کویوم سیاہ کے طورپرمنا ئیں گے ،مقبوضہ کشمیرمیں مکمل ہڑتال ہو گی
دنیا بھر میں کشمیری احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالیں گے
 مقبوضہ جموںوکشمیر میں کرفیو جیسی سخت پا بند یاں نافذ
کشمیری مجاہد ین کا یوم سیاہ پر بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کااعلان
سرینگر(ویب نیوز  ) کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج منگل کو بھارت کایوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپر منا ئیں گے ،مقبوضہ کشمیرمیں د نیا کی توجہ حاصل کرنے کے لئے مکمل ہڑتال کی جائیگی اور دنیابھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جبکہ بھارتی سفارتخانوں ا ور ہائی کمیشنوں میں احتجاجی مراسلے پیش کئے جائیںگے،کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں نے بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کی اپیل کی ہے۔ سابق چیرمین سید علی گیلانی نے بھی کشمیریوں سے یوم سیاہ منانے کی اپیل کی ہے ،کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن الائنس کی طرف سے سرینگر ، پلوامہ ، ترال ، کولگام ، اسلام آباد ، شوپیاں ، کپواڑہ ، ہندواڑہ ،  بانڈی پور اوروادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں لوگوں سے بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کرنے اور اپنے گھروں ، دکانوں اور دیگر عمارتوں پر احتجاج کے طورپر سیاہ جھنڈے لہرانے کی اپیل کی گئی ہے ۔ ادھرقابض انتظامیہ نے آج (منگل کو ) بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر سیکیورٹی کے نام پر کرفیو جیسی سخت پابندیاں عائد کردی ہیں ۔ جگہ جگہ لوگوں اور گاڑیوں کو روک کر جامہ تلاشیاں لی جارہی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر سیکورٹی کے نام پر کرفیو جیسی سخت پابندیاں نافذ  کر دی گئی ہیں جسکی وجہ سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔  بھارتی فورسز نے سرینگر سمیت مقبوضہ وادی کے دیگر مقامات پر چوکیاں قائم کر دی ہیں جہاں مسافروں اور راہگیروںکو روک کر انکی جامہ تلاشی لی جاتی ہے ۔بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ ڈرون کیمروںکے ذریعے بھی نگرائی کی جا رہی ہے۔سرینگرمیں سونہ وارکرکٹ اسٹیڈیم جہاں 26جنوری کی سرکاری تقریب منعقد ہو گی کے گرد سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے  اور اسٹیڈیم کو سخت سیکورٹی حصار میں رکھا گیا ہے۔سرینگر شہر کے تمام داخلی راستوں کی ناکہ بندی کی گئی ہے ۔فورسز اہلکار سراغرساں کتوں کے ہمراہ حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروںپر چھاپے ڈال رہے ہیں جبکہ بھارتی فوجیوں نے بھی گشت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ سرینگر کو دیگر اضلاع سے ملانے والے مقامات پر بھارتی فورسز کی اضافی نفری کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ شہر میں قائم موبائل بنکروں پر بھی سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کیا گیا ہے جہاں سے لوگوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ بٹہ مالو، لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، گھنٹہ گھر، جہانگیرچوک،وزیر باغ، راجباغ، ڈلگیٹ، شہید گنج ، زیرو برج سمیت درجنوں علاقوں میں بھارتی پولیس اور سی آر پی ایف اہلکار سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے راہ گیروںاورگاڑیوںکی جامہ تلاشیاں لے رہے ہیں ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے وادی کے مختلف مقامات میں چسپاں پوسٹروں کے ذریعے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھروں کی چھتوں ، دکانوں اور کھمبوں پر سیاہ  جھنڈے لہرا کرعالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیں کہ بھارت ایک جمہوری ملک نہیں ہے کیونکہ اس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقو ق سلب کر رکھے ہیں۔ادھر کشمیری مجاہدین نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر بھارتی فوجی تنصیبات پر اپنے حملوں میں تیزی لائیں گے ، جموں وکشمیر اسلامک فرنٹ کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ان کے مجاہدین سرینگر اور اس کے گردنو ا ح میں بھارتی فوجی تنصیبات پر حملوں کی بھرپور کوشش کریں گے اور اس کے لئے انہوں نے ایک خصوصی سکوارڈ تشکیل دیا ہے