سرینگر (ویب ڈیسک)

احتجاجی مظاہرے ،ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں گے،اقوام متحدہ کے مبصر دفاتر کو یاداشتیں پیش کی جائیں گی
27، اکتوبر 1947 برصغیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ،سید علی گیلانی

کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل منگل کو بھارت کے کشمیر پر جابرانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ   منائیں گے ،کشمیری سیاہ پرچم لہرانے کے ساتھ احتجاجی مظاہرے ،ریلیاں اور جلوس نکا لیں گے جبکہ اقوام متحدہ کے مبصر دفاتر کو یاداشتیں پیش کی جائیں گی جن میں اقوام متحدہ پر کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمدکرانے کے لئے زور دیا جائے گا،27 اکتوبر1947کو بھار ت نے اپنی فوجیں اتار کر کشمیر کی سرزمین پر غیر قانونی قبضہ کیاتھا۔ س دن سے آج تک لاکھوں بھارتی فوجی کشمیری سرزمین پر غیرقانونی طورپر قابض ہیں، کشمیری ہر سال اس دن کویوم سیاہ مناکر دنیا پر یہ واضح کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے غیر قانونی قبضے کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے ہیں ،یوم سیاہ منانے کی کال دہراتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارتی تسلط میں رہنے والے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں ،کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیرمین، قائد تحریک آزادی سیدعلی گیلانی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ  27، اکتوبر 1947 برصغیر کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی افواج نے پہلی بار اپنے منحوس قدم سرزمین کشمیر پر رکھ کر اس خطہ جنت نظیر کے تقدس کو پامال اور یہاں کے باشندوں کے سکون و اطمینان کو غارت کیا۔ اس سال 27 اکتوبر کو کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے 73 برس مکمل  ہوتے ہیں۔بھارت نے اپنے استعما ری عزائم کا کھلا ثبوت دیتے ہوئے فوجی قوت کے بل  پر کشمیر پر اپنا غاصبانہ تسلط جما تو لیا لیکن پچھلے 73 سال کی تاریخ گواہ ہے کہ کشمیری عوام نے نہ صرف اس غاصبانہ قبضہ کو تسلیم نہیں کیا بلکہ وہ اپنی  سرزمین کو بھارتی تسلط سے آزاد کرنے کیلئے بے سروسامانی کے باوجودبھارت کے جبرواستبداد کے سامنے سینہ سپر ہوگئے۔ سیدعلی گیلانی نے کہاکہ شہدائے کشمیر کی یہ قربانیاں ہمارے ہاتھوں میں ایک مقدس امانت کی طرح ہیں اور انکی حفاظت کرنا ہمارا اخلاقی ، ملی اور قومی فریضہ  ہے اس امانت کے ساتھ کسی بھی قسم کی خیانت کے ہم ہرگز متحمل نہیں ہوسکتے۔ قائد تحریک آزادی نے کہاکہ بھارت کی طرف سے 5اگست 2019 کی جارحیت اور اسکے بعد کچھ مزید غاصبانہ اور جابرانہ اقدامات نے بہت سے لوگوں کو کشمیر کے مستقبل کے حوالے سے بڑی حد تک بددل کردیا ہے لیکن ایسے ہی کٹھن اور صبر آزما مراحل سے عزم و ثبات کے ساتھ گزر کر ہی توقومیں اپنے مستقبل کی تابناک تاریخیں لکھا کرتی ہیں۔اپنے پیغام میں سیدعلی گیلانی نے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت انشاء اللہ جلدہماری آزادی کی صبح طلوع ہوگی۔منگل کومقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں کشمیری سیاہ پرچم لہرائیں گے ،دریں اثناء جموںوکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے27 اکتوبر کو کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کنٹرول لائن کے دونوں جانب اوردنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے پر بھارت کے فوجی قبضے کے خلاف بطور احتجاج اس د ن کویوم سیاہ کے طورپر منائیں ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غیر قانونی قبضے کے تباہ کن اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 ء کو بھارت کی طرف سے کشمیر پر حملہ کھلی جارحیت تھی جس کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں تھا۔