۔۔ پاکستان اور بھارت کو جموں و کشمیر کا مسئلہ وہاں کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق پرامن انداز میں حل کرنا چاہئے،جنرل قمر جاوید باجوہ
کوئی بھی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔جنرل باجوہ
پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے۔ ہم باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔
ہم کسی کو بھی اس کی اجازت نہیں دیں گے کہ ہمارے امن کی خواہش کا غلط مطلب نکالے، پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، آرمی چیف کا جی ڈی پائلٹ پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب

راولپنڈی(ویب  نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پروقار اور پرامن طریقہ سے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے پاکستان اور انڈیا، دونوں ممالک کو پرانے تنازع مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں جی ڈی پائلٹ پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہ وقت ہے جب امن کا ہاتھ ہر طرف بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو جموں و کشمیر کا مسئلہ وہاں کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق پرامن انداز میں حل کرنا چاہئے تاکہ کشمیر میں انسانی المیے کا خاتمہ ہو اور یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو۔۔ ان کا کہناتھا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے۔ ہم باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ تاہم ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور ہم کسی کو بھی اس کی اجازت نہیں دیں گے کہ ہمارے امن کی خواہش کا غلط مطلب نکالے، پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فضائیہ کی 144 ویں گریجویشن تقریب میں شرکت کے موقع پر گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کو یہ سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کی خصوصی طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح فضائیہ نے اپنی پیشہ وارانہ مہارتوں اور آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران جس صلاحیت کا مظاہرہ کیا وہ ہمارے عزم اور باصلاحیت ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے، پوری قوم کو اپنی ائیرفورس پر فخر ہے اور انہیں یقین ہے کہ پاک فضائیہ مستقبل میں شاندار روایات کی بلندیوں کو چھوئے گی۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دشمنوں کے خلاف آپریشنز میں تینوں مسلح افواج نے مربوط ہم آہنگی اور رابطہ کاری کو یقینی بنایا اور اس کی وجہ سے داخلی سلامتی بھی بہتر ہوئی۔آرمی چیف نے اس موقع پر سعودی عرب کے کیڈٹس کی اکیڈمی میں موجودگی کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہترین تعلقات کا عکاس ہے، دونوں ممالک بھائی چارے اور اسلام کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں