کوئی کتنا بڑا ہو الیکشن کمیشن پر اس کا کوئی اثر نہیں،چیف الیکشن کمشنر

 الیکشن کمیشن میرٹ پر فیصلہ کرے گا ، فیصل واوڈا دہری شہریت کیس میں ریمارکس

اسلام آباد (ویب  نیوز)چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ کوئی کتنا بڑا ہو الیکشن کمیشن پر اس کا کوئی اثر نہیں،الیکشن کمیشن میرٹ پر فیصلہ کرے گا ،کسی سے متاثر نہیں ہو گا۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمدفیصل واوڈا کی  دوہری شہریت رکھنے کی بنیاد پر نااہلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے فیصل واوڈا کے وکیل محمد بن محسن سے سوال کیا کہ کیا جب فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ان کے پاس دوہری شہریت تھی کہ نہیں؟اس پر محمد بن محسن نے بتایا کہ اس وقت فیصل واوڈا کے پاس دوہری شہریت تھی۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ جب فیصل واوڈا کاغذات نامزدگی جمع کروارہے تھے تو انہوں نے دوہری شہریت کس وقت چھوڑی؟ اس پر محمد بن محسن نے جواب دیا کہ وہ اس سوال کا جواب پوچھ کربتاسکتے ہیں ۔ اس پر الیکشن کمشنر نے شدید برہمی کااظہار کیا اور کہا کہ کیا فیصل واوڈا نے پہلے دوہری شہریت رکھی ہوئی تھی اور انہوں نے کس تاریخ کو دوہری شہریت چھوڑی۔ الیکشن کمیشن نے محمد بن محسن کو آخری مہلت دیتے ہوئے کہا کہ وہ نو فروری تک جواب جمع کروائیں کہ فیصل واوڈا نے دوہری شہریت کے خانے میں لاگو نہیں ہوتی کیوں لکھا تھا؟کیاان کی اس وقت دوہری شہریت تھی یانہیں اور انہوں نے اپنی دوہری شہریت کس وقت چھوڑی اس حوالہ سے جواب جمع کروایا جائے۔ جبکہ درخواست گزار محمد آصف  کے وکیل کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا بڑے آدمی ہیں اگر ان سے نہیں پوچھا جاسکتا تو ریٹرننگ آفیسر سے تو پوچھیں، آر اوبتائے کہ دوہری شہریت کے باوجود کاغذات نامزدگی کیوں منظور کئے۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت نو فروری تک ملتوی کردی۔