واشنگٹن (صباح نیوز)

کورونا وائرس کے باعث طویل لاک ڈاون سے مالی بحران پیدا ہونے کی وجہ سے مختلف ممالک کی بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے ہزاروں ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔امریکی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ائیر لائنز نے اپنے 30 فیصد افسران کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یونائیٹڈ ائیرلائنز انتظامیہ کے مطابق کمپنی 3 ہزار 450 ایگزیکٹوز کو ملازمت سے برطرف کر دے گی جب کہ 12 ہزار 250 پائلٹوں کو بھی جلد نکال دیا جائے گا۔ادھر برطانوی ائیر لائن ورجن اٹلانٹک نے کورونا کی وبا کے باعث 3 ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔  یہ تعداد کمپنی کے مجموعی ملازمین کا تقریبا ایک تہائی بنتی ہے حالانکہ اس سے قبل برٹش ائیر ویز نے بھی 12 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ورجن اٹلانٹک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس وقت کمپنی کے طیارے گراونڈ ہیں  تاہم کمپنی کے مالی مستقبل کے تحفظ کے لیے ملازمین کو فارغ کرنا ضروری ہے  اس لیے ائیر لائن کو بحران سے نکالنے کے لیے ملازمین کی تعداد کم کرنا ہوگی۔دوسری جانب قطر ائیر ویز نے بھی اپنے عملے کو بڑے پیمانے پر چھانٹی سے متعلق خبر دار کر دیا ہے۔فضائی کمپنی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ اس کے 30 ہزار سے زائد عملے میں سے کتنے ملازمین کو فارغ کیا جائے گا مگر کورونا وبا کے پیش نظر فضائی کمپنی پہلے ہی اپنی پروازوں کو 170 سے کم کرکے صرف 35 مقامات تک محدود کر چکی ہے۔واضح رہے کہ مہلک کورونا وائرس سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی ہے اور لاکھوں افراد بے روزگار  ہوگئے ہیں جن میں امریکی تاریخ میں ریکارڈ تعداد میں لوگ بیروزگار ہوئے ہیں۔