اسلام آباد(صباح نیوز)

ملک بھرمیں کورونا وائرس سے مزید23 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 322ہو گئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14680 تک جا پہنچی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 114 افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ پنجاب میں 95 اورسندھ میں 92 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ منگل کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 623کیسز سامنے آئے ہیں اور 23 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں سے پنجاب میں 90 کیسز 4 ہلاکتیں، سندھ 335 کیسز 7 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 176 کیسز 10 ہلاکتیں، اسلام آباد 16 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان ایک ہلاکت اور آزاد کشمیر سے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبہ سندھ میں کورونا کے مزید 335 کیسز رپورٹ ہوئے اور 7 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5291 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 92 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 38 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 963 ہوگئی ہے۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 90 کیسز سامنے آئے ہیں اور 4 افراد کورونا سے انتقال کرگئے۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 5730 اور ہلاکتیں 95 ہوگئی ہیں۔ترجمان کے مطابق 768 زائرین، 1925 رائے ونڈ سے منسلک تبلیغی ارکان، 86قیدی اور 2951عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 1380 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں منگل کو کورونا وائرس کے 176نئے کیسز اور 10اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں میں مجوعی تعداد 2160 اور ہلاکتیں 114 ہوگئیں۔صوبائی وزارت صحت کے مطابق پشاور میں 7، مردان میں دو اور ایبٹ آباد میں ایک شخص کورونا سے جاں بحق ہوا۔ خیبرپختونخوا میں اب تک 562افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں   کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 261 اور ہلاکتیں 4 ہوگئی ہیں۔ بلوچستان میں  کورونا سے مزید ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔