اسلام آباد(صباح نیوز)

کوروناوائرس، پائلٹس کی جعلی ڈگریوں،حج آپریشن نہ ہونے اور عمرہ سیزن متاثر ہونے کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کو45 ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے، حج اور عمرہ نہ ہونے کے باعث سعودی عرب پروازیں معطل ہونے سے پی آئی اے کو12ارب روپے کا نقصان ہو گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چار ایسی چیزوں کی وجہ سے پی آئی اے کا نقصان دوگنا ہو چکا ہے، پہلے کوروناوائرس کے باعث بہت ساری فلائٹس معطل کی گئیں اور فلائٹ آپریشن بھی معطل کیا گیا، جس کے بعد پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کا مسئلہ سامنے آیا جس کی وجہ سے مختلف ممالک نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندیاں لگادی تھیں فلائٹس بند تھیں ، جس کے بعد حج آپریشن بھی کوروناوائرس کے باعث منسوخ ہو گیا جبکہ کوروناعائرس کی وجہ سے عمرہ سیزن بھی متاثر ہو ا ہے۔ان تما م وجوہات کی بنیاد پر قومی ایئرلائن کوسالانہ45 ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔ سعودی عرب پروازیں معطل ہونے کے باعث 12ارب روپے کا نقصان بھی اس میں شامل ہے۔ جبکہ یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی کی  جانب سے پی آئی اے کی پروزوں پر پابندی لگانے سے 33ارب روپے کا نقصان ہو گا۔ جبکہ برطانیہ اور یورپ میں متعین پاکستانی سفیروں کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں تاکہ یورپین یونین سے پی آئی اے کی فلائٹس کو بحال کروایا جاسکے۔ یورپ میں رہائش پزیر بااثر پاکستانی تارکین وطن کی خدمات بھی اس حوالہ سے حاصل کی جارہی ہیں تاکہ پی آئی اے کی پروازوں کو بحال کروایا جاسکے اور نقصان سے بچا جاسکے۔ یورپین یونین کی جانب سے پی آئی اے کی پروزوں پر پابندی کی وجہ سے قومی ایئرلائن کا نقصان دوگنا ہو چکا ہے۔