کراچی /اسلام آباد (بیورورپورٹ)ملک میں کورونا وائرس سے مزید دو افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 37 تک جاپہنچی ہے، مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2458 ہوگئی ہے۔صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں مزید 2 افراد مہلک وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ جاں بحق مریضوں کی عمریں 80 اور 60 سال تھیں جن کے یکم اپریل کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے، دونوں افراد میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا۔وزیر صحت کے مطابق صوبے میں اب تک مہلک وائرس کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔سندھ میں مزید 2 ہلاکتوں کے بعد ملک بھرمیں جاں بحق افراد کی تعداد 37 تک جاپہنچی ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک سندھ میں 13، پنجاب میں 11، خیبرپختونخوا 9، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ملک میں جمعہ کو اب تک 59 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے سندھ میں 42، پنجاب8، اسلام آباد 6 اور گلگت بلتستان میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سندھ کے محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں اب تک 42 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 783 ہوگئی ہے۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 68 ہوگئی ہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 190 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے ان کیسز کی فی الحال تصدیق نہیں کی گئی البتہ محکمہ اطلاعات کی جانب سے کورونا سے 8 افراد کے شفایاب ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 928 ہوگئی جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی جی خان میں 213 زائرین اور ملتان میں 91 زائرین کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔اس کے علاوہ گوجرانوالہ 14، وہاڑی 8، ڈی جی خان 5، جہلم 28، سرگودھا 10، حافظ آباد 5، لاہور 204، راولپنڈ 53، اٹک 1، قصور 1، رائیونڈ قرنطینہ 142، ملتان 2، میانوالی 3، بہاولنگر 3، فیصل آباد قرنطینہ 5، منڈی بہاؤالدین 14، ننکانہ صاحب 13، لودھراں 2، فیصل آباد 9، نارووال 2، خوشاب 1، لیہ 1، گجرات 91، رحیم یار خان 3، بہاول پور اور سیالکوٹ میں ایک ایک مریض ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں اب تک کورونا کے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی 11 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4 اور رحیم یار خان، فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔خیبرپختونخوا میں ایک روز قبل کورونا کے 58کیسز اور مزید 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 311 ہوگئی،ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی۔کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 3 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں، ایک کا نوشہرہ اور ایک کا بونیر سے ہے۔صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔صوبائی وزیر صحت کی جانب سے جاری سمری کے مطابق صوبے میں اب تک وائرس سے 30 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں بھی ایک روز قبل کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 169 ہوگئی، صوبائی محکمہ صحت نے مجموعی کیسز کی تصدیق کی تھی۔آزاد کشمیر میں کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہے۔