وزیراعلیٰ عثمان بزدار کاکورونا ویکسین کی 10لاکھ ڈوز خریدنے کیلئے 1 ارب50کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان
ہیلتھ سسٹم پر کورونا مریضوں کی وجہ سے دباؤ بڑھ رہا ہے، آکسیجن کی ضرورت7گنا بڑھ چکی ہے،4لاکھ لوگوں کی ویکسینیشن ہوچکی ہے
ویکسینیشن کا دائرہ کار بتدریج تمام شہریوں تک بڑھائیں گے،لاہور میں مزید ایک ویکسینیشن سینٹر قائم کرنے کااعلان
عوام ماسک کا استعمال ضرور کریں،وزیراعلیٰ کی ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں قائم ویکسینیشن سینٹرکے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو

لاہور (ویب نیوز ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا ویکسین کی 10 لاکھ ڈوزز خریدنے کیلئے1ارب 50کروڑروپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مینار پاکستان کے قریب ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں قائم کو رونا ویکسینیشن سنٹر کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا ویکسین خریدنے کیلئے فنڈز مختص کردیئے ہیں اوراس ضمن میں پنجاب حکومت تقریباً10لاکھ سے زائد کورونا ویکسین کی خوراکیں خرید ے گی۔انہوں نے کہا کہ میں نے آج کورونا ویکسینیشن سینٹر کا دورہ کیا اورمجھے خوشی ہے کہ سینٹر میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اوربزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے بھی خصوصی انتظامات موجو د ہیں،جس پر میں  محکمہ صحت اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں اورخصوصی افراد کو ایمبولینس کے ذریعے گھر میں ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں 24 گھنٹے میں کورونا سے 64 اموات ہوئیں اور 275 مریض تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں جبکہ پنجاب میں ایکٹومریضوں کی تعداد26898تک پہنچ چکی ہے۔گزشتہ روز 22624 کورو نا ٹیسٹ کئے گئے۔ہیلتھ سسٹم پر کورونا مریضوں کی وجہ سے دباؤ بڑھ رہا ہے۔مریضوں کیلئے آکسیجن کی ضرورت7گنا بڑھ چکی ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ4لاکھ لوگوں کو کور ونا ویکسین دی جاچکی ہے،بتدریج ویکسیشین کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔دنیا میں کہیں بھی بیک وقت ویکسینیشن کا آغاز نہیں ہوا بلکہ بتدریج ویکسینیشن کی گئی۔وفاق سے ویکسین ڈوزز کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ حکومت پنجاب کورونا ویکسین کی 10 لاکھ ڈوز خرید رہی ہے،جس کے لئے1۔ ارب50کروڑ روپے مختص کر دئیے ہیں۔ لاہور میں مزید ویکسینیشن سنٹر بنا رہے ہیں،اب پنجاب میں کل سنٹر 127 ہو جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، 12 فیصد سے زائد مثبت شرح والے 7بڑے شہروں میں توجہ دی جا رہی ہے۔12 فیصدکورونا مثبت شرح والے 7 شہروں میں جزوی لاک ڈاؤن آج سے نافذالعمل ہے۔عوام ماسک کا استعمال ضرور کریں، اسی میں آپ کا اور آپ کے پیاروں کا فائدہ ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ انڈسٹریز متاثر نہ ہو اورکاروبار بھی چلے، ہم کورونا اوربزنس میں توازن پیدا کرکے معاملات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ہمارا مقصدلوگوں کوتنگ کرنانہیں بلکہ ان کی صحت کی حفاظت ہے۔اگر لوگ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں گے تو کورونا پر قابو پانا ممکن ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سیاست کرنے والے اپنا کام کرتے رہیں۔ہم عوام کی خدمت کا کام کرتے رہیں گے۔لوکل گورنمنٹ پر سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے،اس کے مطابق آگے بڑھیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سروسز ہسپتال میں کورونا ویکسین کی خوراکیں غائب ہونے اورمزنگ ہسپتال میں کورونا ویکسین ضائع ہونے کے معاملے کا فوری نوٹس لیا ہے اوراس ضمن میں مزنگ ہسپتال کے ایم ایس کو معطل کردیاگیا ہے جبکہ انکوائری کا حکم دیا جا چکا ہے۔تحقیقات کے بعد سامنے آنے والے حقائق بھی میڈیا سے شیئر کریں گے۔پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،کمشنر لاہورڈویژن،سیکرٹری پرائمری وسکینڈری ہیلتھ اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔