اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملک میں عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تفتیش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کیسز کی شرح میں 7 سے 8 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ وبا پر قابو پانے کیلئے قوم کا تعاون ضروری ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ بڑے شہروں میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، عوام ماسک پہنچیں اور سماجی فاصلہ رکھیں۔ کورونا کیسز میں اضافے سے ہسپتالوں پر بہت زیادہ دباؤ بڑھ رہا ہے۔ ویکسین کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چھوڑ دیا جائے۔

دوسری جانب گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث سندھ میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں اس کے بعد زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں۔ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 105 اموات ہوئیں جن میں سے 70 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2 ہزار 731 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے اور 105 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے جن میں سے 98 افراد ہسپتالوں میں جبکہ 7 افراد گھروں میں قرنطینہ کے دوران جاں بحق ہوئے۔ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 48 فیصد،اسلام آباد میں 46 فیصد،لاہور میں 34 فیصد اور پشاور میں 26 فیصد مریض ہیں۔

اسی طرح سے ملک کے 4 بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر راولپنڈی میں 42 فیصد، ملتان میں 41 فیصد,کراچی میں 37 فیصد اور پشاور میں 64 فیصد مریض ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 38 ہزار 28 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 10 ہزار 289, پنجاب میں 16 ہزار 931, خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 134, اسلام آباد میں 5 ہزار 375, بلوچستان میں 506,گلگت بلتستان میں 374, آزاد کشمیر میں 419 ٹیسٹ شامل ہیں۔

اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 88 ہزار 598 ہو چکی ہے۔ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 316 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 48 ہزار 369 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 45 ہزار 977 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 7 ہزار 771, بلوچستان میں 17 ہزار 796, گلگت بلتستان میں 4 ہزار 799، اسلام آباد میں 35 ہزار 203, خیبر پختونخوا میں 53 ہزار 253، پنجاب میں 1 لاکھ 28 ہزار 673 اور سندھ میں 1 لاکھ 98 ہزار 482 مریض ہیں۔

ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 10 ہے جن میں سے سندھ میں 3 ہزار 222 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 55 مریض ہسپتالوں میں جبکہ3 مریض گھر میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، پنجاب میں 3 ہزار 452 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 26 مریض ہسپتالوں میں جبکہ 4 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،خیبر پختونخوا میں 1 ہزار 489 جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 12 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،اسلام آباد میں کل 379 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،بلوچستان میں 176 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا، گلگت بلتستان میں 99 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 193 اموات ہو چکی ہیں جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 61 لاکھ 36 ہزار 799 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 615 ہسپتالوں میں 3 ہزار 66 مریض زیر علاج ہیں۔