اسلام آباد (ویب ڈیسک)

مہلک وبا کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مزید103افراد دم توڑ گئے اور 3953نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی ) کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے مزید103افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار924تک پہنچ گئی جبکہ 3953نئے کیسز رپورٹ ہونے سے متاثرین کی مجموعی تعداد6 لاکھ 96 ہزار184ہو گئی۔ ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد63ہزار102ہے، اور6لاکھ 18ہزار158افراد کورونا سے  شفایاب ہوچکے ، 3 ہزار 645 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 6 ہزار675 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار510، خیبر پختونخوا 2 ہزار 469، اسلام آباد 584، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 211 اور آزاد کشمیر میں 372 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد62ہزار211، خیبر پختونخوا93ہزار033، پنجاب 2 لاکھ 35 ہزار569، سندھ 2 لاکھ 66 ہزار926، بلوچستان 19 ہزار855، آزاد کشمیر 13 ہزار529اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار61افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے پاکستان کے 26 اضلاع ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، منڈی بہاالدین، ملتان، اوکاڑہ،  رحیم یار خان، راولپنڈی، گجرات، شیخوپورہ، سرگودھا، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ متاثر، مظفر آباد، میر پور، کوٹلی، پشاور، سوات، نوشہرہ ، دیر لوئر، مالاکنڈ، صوابی، چارسدہ اور ہری پور ہائی رسک اضلاع میں شامل ہیں۔ حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر مساجد کیلئے ایس او پیز طے کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نماز تروایح سمیت دیگر مذہبی امور پر لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق صدرعارف علوی مملکت کی زیرصدارت ویڈیو کانفرنس ہوئی ، گورنرز، وفاقی وزیر مذہبی امور اور علما نے کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس میں گلگت بلتستان کےگورنر اور آزادکشمیرسے بھی حکومت ذمہ داران شریک ہوئے، مشیرصحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے شرکا کو کورونا صورتحال پر بریفنگ دی۔ کانفرنس میں کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر مساجد کیلئے ایس او پیز طے کرنے کا فیصلہ کیا اور نمازتروایح سمیت دیگرمذہبی امور پر لائحہ عمل کی تیاری شروع کردی تاہم کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ کنفرنس میں صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ کوروناکیخلاف جنگ میں علماکابھی اہم کردارہے، کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس اوپیز پرعمل کرناضروری ہے۔ اس موقع پر گورنرپنجاب چوہدی سرور کا کہنا تھا کہ علما کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن ضرورکروائیں اور حکومتی اداروں سے تعاون کریں۔ چوہدی سرور نے کہا کہ ہم نے22کروڑپاکستانیوں کوکوروناسےبچانا ہے ، حکومت مساجد کو بند نہیں کرنا چاہتی تاہم کورونا سے بچاؤ کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مساجداورمدارس پرتمام فیصلےعلماکی مشاورت سے ہی کیے جائیں گے۔

پنجاب حکومت نے بھی ہفتے میں 2 دن پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ہفتہ اور اتوار کے روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

سیکرٹری پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ جس میں کہا گیا کہ صرف میڈیکل اور ایمرجنسی ٹرانسپورٹ کو چلنے کی اجازت ہوگی، ایک صوبے سے دوسرے صوبے جانے والی گڈز ٹرانسپورٹ کو اجازت ہوگی، پابندی کا اطلاق 10 اپریل سے ہو گا۔ متعلقہ سٹاف کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔