Qamar Bajwa

کور کمانڈرز کانفرنس کا کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال

راولپنڈی (ویب  نیوز)کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے پرعزم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر آگاہی بڑھنے کو انتہائی مثبت قرار دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہم اپنا امن بحال رکھیں گے ۔افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی ار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز اجلاس میں فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور سرحدی سلامتی امور پر غور کیا گیا ۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔کور کمانڈرز اجلاس میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔کور کمانڈرز نے کہا کہ قومی مفاد ہر چیز سے بالاتر ہے، قوم کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیئے۔ مستحکم افغانستان خطے کے امن کا ضامن ہے۔کور کمانڈرز اجلاس میں بلوچستان اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں دشمن ایجنسیوں کے عزائم خاک میں ملانے کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں میں افغان مسئلے کے دیرپا حل کی امید کا اظہار بھی کیا گیا ۔کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی سمیت دیرپا قیام امن ہماری قربانیوں کا مظہر ہے، یہ قربانیاں پاکستان سے انتہا پسندی اور دہشت گردی ختم کرنے کے لیے دی گئیں