لاہور (ویب ڈیسک)

کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ ن کے سربراہ شہباز شریف کی طبیعت خراب ہوگئی اور انہیں طبی ٹیسٹوں کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو انمول کینسر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پٹ اسکین کیے جائیں گے۔ اس موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے اور ہسپتال و اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

شہباز شریف کو بلڈ کینسر کا مرض لاحق رہا ہے اور وہ لندن میں زیرعلاج رہے ہیں۔ عدالتی حکم پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی سربراہی میں اسپیشل میڈیکل بورڈ علاج کر رہا ہے۔ شہباز شریف کے ذاتی معالجین بھی انمول ہسپتال میں موجود ہیں۔

طبی ٹیسٹوں کی رپورٹس آنے کے بعد شہباز شریف کو ہسپتال میں داخل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شہباز شریف نیب کے منی لانڈرنگ ریفرنس میں گرفتار ہیں اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔