گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانسیسی سفیر دفتر خارجہ طلب، پاکستان کا احتجاج
 فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان پر سفیر مارک بارٹی کو احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پرپاکستان نے فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ دفتر خارجہ نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان پر فرانس میں پاکستان کے سفیر مارک بارٹی کو طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ فرانس کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے توہین آمیز خاکوں پر احتجاج کیا جائے گا۔شاہ محمود قریشی نے  اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام مخالف بیانیہ کا فوری نوٹس لے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام مخالف بیانیے پرہم اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، کسی کوحق نہیں کہ مسلمانوں کی دل آزاری کرے۔انہوں نے کہا کہ فرانس کے صدر کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔ نفرت کے جو بیج بوئے جا رہے ہیں ان کے نتائج شدید ہوں گے۔