گلگت بلتستان کے معاملے پرپارلیمانی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس آج ہوگا

اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔

اپوزیشن نے اجلاس پر اعتراض کر دیا ہے۔تمام اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے بائیکاٹ کا خدشہ

 اجلاس کے لئے حکومت اپوزیشن کی تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین  کو باقاعدہ خط لکھا گیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک )گلگت بلتستان کے معاملے پرپارلیمانی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس آج (پیر کو)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔اپوزیشن نے اجلاس پر اعتراض کر دیا ہے۔تمام اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے بائیکاٹ کا خدشہ ہے اپوزیشن کا موقف ہے کہ سپیکرقومی اسمبلی کو انتخابات کے معاملات پر اجلاس طلب کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔وہ اس قسم کا اجلاس بلانے کے مجاز نہیں ہیں اس اہم اجلاس کے لیے سپیکر اسد قیصر نے حکومت اپوزیشن کی تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین  کو باقاعدہ خط لکھا ہے اجلاس آج (پیر کو)سہ پہر تین بجے پارلیمنٹ ہائوس کے آئینی کمیٹی روم میں ہوگا۔سپیکر کی طرف سے پارلیمانی قائدین کو لکھے گئے خط میں اجلاس کا یہ مقصد بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران گلگت بلتستان اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات کے عمل کو صاف شفاف بنانا ہے تاکہ ان معاملات پر اتفاق رائے ہو سکے۔پاکستان کے عوام کے نمائندوں کی حیثیت سے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ انتخابی عمل کو آزادانہ ،غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے اپنا متحرک کردار ادا کریں اور موجودہ انتخابی ضابطہ کار اور قوانین کا جائزہ لیا جا سکے۔یہ ساری عمل پاکستان کے گزشتہ انتخابات پر ہونے والی بحث کے تناظر میں طلب کیا گیا ہے پارلیمنٹ کے فورم پر پاکستان بشمول گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے اصلاحات اور تجاویز مرتب کرنا چاہتے ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی،اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف،پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ،ایم ایم اے کے پارلیمانی رہنماء اسعد محمود ،مسلم لیگ(ق) کے رہنماء چوہدری طارق بشیر چیمہ،بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل،ایم کیو ایم کے رہنماء خالد محمود صدیقی،مسلم لیگ(فنکشنل) کے رہنماء غوث بخش مہر،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد،نوابزادہ شاہ زین بگٹی،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء امیر حیدر ہوتی کو مدعو کیا گیا ہے۔ تاہم  اپوزیشن کی بعض چھوٹی جماعتوں کو نظرانداز کیاگیا ہے۔