لاہور (صباح نیوز)

گوجرانوالہ کی تحصیل وزیر آباد کے علاقے سوہدرہ میں 500بستروں اوردینہ کے قریب کیڈٹ کالج جہلم میں 120بستروں پر مشتمل قرنطینہ مراکز قائم کردیئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے مسلم ہینڈزایجوکیشنل کمپلیکس سوہدرہ اوردینہ کے قریب کیڈٹ کالج جہلم میں قائم قرنطینہ مراکزکے دورے کیے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قرنطینہ سینٹر زمیں موجودسہولتوں اوردیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے متاثرہ مریضوں کیلئے قرنطینہ مراکز میں سہولتوں اورانتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قرنطینہ سینٹرز کے کنٹرول روم اور مریضوں کیلئے تیارکردہ کمروں کامعائنہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کے ہر ڈویژن میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کیلئے خصوصی فیلڈ ہسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وباء سے نمٹنے کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کیے گئے ہیں اورمستقبل میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام اورمریضوں کے علاج معالجے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مہیا کرینگے۔ دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف دینے کیلئے شفاف ترین نظام ترتیب دیاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں۔ایکسپو سینٹر لاہور میں انتہائی قلیل مدت میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بنایاگیا ہے۔ کورونا وائرس کی وباء پر سیاست چمکانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں۔یہ وقت قوم کو یکجاکرنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں عوام کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔عوام کو تنہا چھوڑ کرجانیوالے اب صرف بیان بازی تک محدود ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارکو بریفنگ میں بتایاگیا کہ مسلم ہینڈزایجوکیشنل کمپلیکس سوہدرہ کے قرنطینہ سینٹر میں 500 مریضوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔ایس او پیز کے مطابق ہر کمرے میں ہائی جین کٹس اوردیگر ضروریات کا اہتمام کیاگیا ہے۔ مریضوں کیلئے آئسولیشن روم اورڈاکٹروں کیلئے ریسٹ ہاؤس بھی بنائے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ کے دوران مزید بتایاگیا کہ گجرات میں متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ایک ہزار بستروں کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ میں ٹریک ٹریس ٹیسٹ کے ذریعے 11ہزار افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ گوجرانوالہ میں 3933افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔

بیرون ملک سے آئے لوگوں کے خاندانوں اوران سے سماجی رابطہ رکھنے والے افراد کی سکریننگ کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ کو بتایاگیاکہ گوجرانوالہ میں سٹریٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے 700افراد کو ان کی رہائش گاہوں پررکھاگیا ہے اوران افراد کیلئے خوراک، ادویات اوردیگر ضروریات زندگی فراہم کی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو قرنطینہ مرکزمیں مریضوں کے علاج معالجے کیلئے موجود سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔مسلم ہینڈ زایجوکیشنل کمپلیکس کے سربرا ہ چن پیر شاہ نے دعاکرائی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے دینہ کے قریب کیڈٹ کالج جہلم میں قائم قرنطینہ مرکز کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کیڈٹ کالج میں 120بستروں پر مشتمل قرنطینہ سینٹرکا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کیڈٹ کالج میں قائم قرنطینہ سینٹر میں دستیاب سہولتوں اورانتظامات کو سراہا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے آئے تمام لوگوں کی سکریننگ کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔بیرون ملک سے آئے لوگوں کے گھروں کی جیو ٹیگنگ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کوروناکی وباء سے بچنے کیلئے سماجی فاصلے ضروری ہیں۔ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنا زندگیوں کو محفوظ بنائے گا۔پنجاب حکومت نے شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے بروقت موثر اقدامات کیے ہیں۔حکومتی پابندیاں شہریوں کی صحت اورحفاظت کیلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون سے کورونا وباء کو شکست دیں گے۔کورونا کے خلاف یہ جنگ ہم سب نے ملکر لڑنی ہے اوراس جنگ میں واحدآپشن صرف جیت ہے۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ جہلم میں 28مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔جہلم میں 1327لوگ بیرون ملک سے آئے،جن کی دوبار سکریننگ کی گئی ہے۔جہلم میں 552 مریضوں کو آئسولیشن میں رکھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔جہلم میں مریضوں کو آئسولیشن میں رکھنے کی سہولت 1022 بستروں تک بڑھائی جائے گی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن و انفراسٹرکچر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
#/S