PRESIDENT DR. ARIF ALVI ADDRESSING THE CERTIFICATE DISTRIBUTION CEREMONY OF AEROSPACE AND NATIONAL SECURITY WORKSHOP (AERONS-21), AT ISLAMABAD ON MARCH 02, 2021.

ہمیں دشمن کے روایتی حملوں کے ساتھ ہائبرڈ حملوں کا بھی توڑ کرنا ہو گا۔صدر مملکت

اسلام آباد: (ویب   نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دشمن کے روایتی اور ہائبرڈ حملوں کا توڑ کرنے کیلئے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ تیاریوں کے ساتھ ساتھ ہائبرڈ جنگی حکمت عملی وضع کرنا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہلی ایرو سپیس اینڈ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ ایرون 2021ء کے شرکا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پہلی بار ایرو سپیس ورکشاپ کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں، ورکشاپ میں مستقبل کے چیلنجز پر قومی مذاکرہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ قوم تب بنتی ہے جب معاشرے کے ہر طبقے کے مسائل حل ہوں، ہمیں دشمن کے روایتی حملوں کے ساتھ ہائبرڈ حملوں کا بھی توڑ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سیاست اور پالیسیوں میں مسلسل تبدیلیاں ہو رہی ہیں، قومی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں جدید طریقوں پر مبنی حکمت عملی اختیار کرنا اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن نیٹ ورکس سے متعلق ڈیجیٹل حملوں اور وائرس بموں کے استعمال کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے، گوگل اور فیس بک جیسی کمپنیوں سمیت انٹیلکچوئل طاقت ممالک، اقوام متحدہ اور دنیا کی پارلیمنٹس پر اثر انداز ہو رہی ہے ، سوشل میڈیا کی صورت میں عوامی رائے عامہ پر اثر انداز ہوا جا رہا ہے، سوشل میڈیا کے منفی اثرات کو کنٹرول کرنے کیلئے انفرادی سطح پر کوششیں کرنا ہوں گی، عالمی سیاسی صورتحال اور پالیسیاں تیزی سے بدلتی رہتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے سکیورٹی اتحاد کے تناظر میں عالمی منظرنامہ ہر لمحے تبدیل ہو رہا ہے، ہمیں بدلتی عالمی صورتحال کے مطابق خود کو تیار کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہیں، دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت قربانیاں دے کر دہشت گردی کے خلاف کامیابی حاصل کی،پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر قوم کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔ صدر مملکت نے پاک فضائیہ کی تیاریوں کو سراہا جو کہ ملکی سرحدی فضائی حدود کے تحفظ کیلئے کبھی پیچھے نہیں رہی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 2019ء میں پاک فضائیہ نے بالاکوٹ پر دشمن کے حملہ کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قوم خود انحصاری پر عمل کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جاپان جیسے ترقی یافتہ ملکوں سے ترقی کے گر سیکھ کر اپنانا ہوں گے، سر سید احمد خان نے برصغیر کے مسلمانوں کو تعلیم کی اہمیت سے روشناس کرایا۔ کمانڈر ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ ایئر وائس مارشل ذوالفقار قریشی نے کہا کہ پاک فضائیہ قومی سلامتی کو درپیش روایتی اور غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنےکیلئے تیار ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ معاشی استحکام اور مضبوط صنعتی بنیاد سمیت قومی کوششوں سے فضائی قوت کی صلاحیت حاصل کی جا سکتی ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ورکشاپ کے شرکا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو شیلڈ پیش کی۔