یونیورسٹیزکے طلبا کے متعلقہ حکام سے مذاکرات کامیاب ، طلبا ء کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان

وفاقی دارالحکومت کی جامعات سے مشاورت کے بعد آئندہ منگل تک مسئلے کوحل کیاجائے گا،ایچ ای سی کی یقین دہانی

اسلام آباد(ویب  نیوز) وفاقی دارالحکومت میں آن لائن پیپرز لینے کا مطالبہ کرنے والے یونیورسٹیزکے طلبا کے متعلقہ حکام سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد طلبا نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیاہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے آن لائن پیپرز لینے کا مطالبہ کرنے والے طلباء کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی جامعات سے مشاورت کے بعد آئندہ منگل تک مسئلے کوحل کیاجائے گا ۔ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں جمعرات کو طلباء کی کمیٹی اور  ہائیرایجوکیشن کمیشن حکام کے مابین طویل مذاکرات ہوئے ۔ کمیٹی کے سربراہ طالب علم سید تصور حسین کاظمی تھے جبکہ ممبران میں عامر بلوچ، محمد دانیال، حمزہ طارق، ہارون  احمد خان ،حمزہ فہیم  اورجمیل اقبال شامل تھے ۔مذاکرات کے بعد ناظم اسلامی جمعیت طلبااسلام آباد سیدتصور حسین  نے میڈیا کو بریفنگ دیتے  ہوئے کہاکہ نمل ، نسٹ ، این ڈی یو، بحریہ ایئریونیورسٹی کے طلباء کا یہ مطالبہ تھا کہ ان یونیورسٹیز نے جو آخری نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اس میں کہا گیا تھا کہ آن لائن پڑھائے گئے نصاب کا آن لائن امتحان لیا جائے گا  اس لئے طلباء میں اضطراب  تھا۔ تصور حسین کاظمی نے کہاکہ  آج  ایچ ای سی کے ساتھ  جوبات چیت ہوئی ہے  اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگا ،  ایچ ای سی نے تین دن مانگے ہیں جو ان یونیورسٹیز کے ریکٹرز اور وائس چانسلرز کے ساتھ بات کرکے منگل کو طلباء کیلئے ایک ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ سب سے پہلے طلباء کو ریلیف دیا جائے اور طلباء کو کورس اور فائنل ایئر پراجیکٹس کے مسائل حل کیے جائیں گے ۔ منگل کے روز ایچ ای سی باقاعدہ طورپر ان مسائل کے حوالے سے ریلیف کا اعلان کرے گی۔ طلباء کا سب سے بڑا  مطالبہ  یہ ہے کہ ایک سال کی تاخیر ہوچکی  سٹوڈنٹس الائنس مطالبہ کرتا ہے  اب ہائیر ایجوکیشن ایک سہولت کا کردارادا کرے ۔ ایچ ای سی  حکام نے کہا ہے کہ ہم آپ کی آواز بنیں گے اور تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز  اور ریکٹرز سے بات کی  جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ طلباء کو ریلیف ضرور ملے گا ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ  ہاسٹل اور فیسوں کے پیسے واپس کیے جائیں کیونکہ ہم نے یہ سہولیات استعمال  نہیں کیں۔ ٹرانسپورٹ اور لائبریری  استعمال نہیں کی گئی ۔ ایچ ای سی  حکام نے کہا ہے کہ طلباء کو ان کے واجبات اداکروائے جائیں گے۔ طلباء کے ہاسٹلز کے معاملے پر بھی بات کی گئی ہے۔ تصور حسین کاظمی نے مطالبہ کیا کہ طلباء یونین کو بحال کیا جائے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چونکہ مطالبات ماننے کی یقین  دہانی کرائی گئی ہے اس لئے منگل تک طلباء احتجاج نہیں کرینگے۔