لاہور (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روگاری کے خاتمے کیلئے9نکاتی ایجنڈہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6جنوری کو سونامی سندھ اور 24جنوری کو راولپنڈی پہنچے گا ‘ہم پاکستان کے اندر مہنگائی کے خلاف جہاد اور ملک کو آزاد کریں گے ‘ملک کو امریکہ کی غلامی سے آزاد کریں گے ‘ بجلی چوری کو روکو کے پی کے میں بجلی کا سب کچھ میرے ہاتھ میں دو میں چوری ختم کرکے دکھاؤں گا‘ ملک سے مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے جنرل سیلز ٹیکس ختم ‘ امیروں سے ٹیکس کی وصولی ‘ بجلی چوری روکنے کیلئے مکمل مفصل نظام لایا جائے ‘ کرپشن کرنے والوں کو گرفتار کرنا ہو گا‘سیاستدانوں ،حکمرانوں اور صنعت کاروں کو اپنا پیسہ بیرون ملک سے واپس لانا ہو گا‘مہنگائی کرنے والے مافیا کے اوپر ہاتھ ڈالنا ہو گا‘نئے نوٹوں کی چھپائی کو بند کر نا ہو گا ‘ہم چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز کو پبلک پارکس یا ہوٹلز میں تبدیل کرنے کا بل لا رہے ہیں تاکہ غریب عوام کو اربوں روپے کے بوجھ سے بچایاجا سکے‘نوازشریف نے ڈرون حملے بند کروانے کا وعدہ کیا تھا وہ ہمارے ساتھ ملکر ڈرون حملوں کے خلاف سٹینڈ لیں ‘تحریک انصاف امریکہ کے ساتھ جنگ نہیں چاہتی ہم نے نیٹو سپلائی دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن کیلئے بند کی کیونکہ جب تک ملک میں امن نہیں ہو گا تو اس وقت تک نہ تو سرمایہ کاری آئے گی اور نہ ہی غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا ‘ ملک کے 30لاکھ دولت مند افراد ٹیکس نہیں دیتے حکومت ان سے ٹیکس لے کر سالانہ 300ارب روپے جمع کرسکتی مگر بجلی مہنگی کرکے عوام پر ظلم کیا جا تا ہے ’جب تک کرپشن اور دہشت گردی ختم نہیں ہو گی ملک معاشی طو ر پر مضبوط ،غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ نہیں ہو گا ‘ہم کے پی کے میں احتساب سیل بنا رہے ہیں جو وزیراعلیٰ اور وزراء پر بھی ہاتھ ڈال سکے گا پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کے پی کے کی حکومت نے کرپٹ وزراء کو فارغ کیا۔وہ اتوار کو لاہورمیں مہنگائی ، بے روزگاری اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب کر رہے تھے ۔جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ،تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین ، شاہ محمود قریشی ، مخدوم جاویدہاشمی ،میاں محمود الرشید ، اعجاز احمد چودھری ، یاسمین راشد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ ناصر باغ سے جی پی او چوک تک آنے والی ریلی میں تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنوں نے شریک کی اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جی پی او چوک میں عمران خان نے کہاکہ 11مئی کو عام انتخابات میں لاہور کا میچ فکس تھا کیونکہ اگر یہ میچ فکس نہ ہوتا تو پنجاب حکومت اب تک چار حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق کروا چکی ہوتی ہم دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ میں ہیں اور ہم سپریم کورٹ سے کہتے ہیں کہ پوری قوم انصاف مانگ رہی ہے تحریک انصاف نے 11مئی کے انتخابی نتائج کو تسلیم کیا لیکن ہم نے دھاندلی کو تسلیم نہیں کیا ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت امیروں سے ٹیکس لینے کے بجائے غریبوں پر ٹیکس لگا رہی ہے جس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا سیلاب آتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ حکمران نہ صرف اپنا بلکہ دیگر سیاستدان بھی اپنا سرمایہ بیرون ملک سے پاکستان لائیں اور جو صنعت کار اور دیگر لوگ اپنا سرمایہ بیرون ملک رکھتے ہیں اس کو بھی ہر صورت واپس لانا چاہیے کیونکہ جب وہ سرمایہ ملک سے لے جاتے ہیں اس سے نہ صرف وہ ٹیکس بچاتے ہیں بلکہ ان کی دولت بھی ڈبل ہو جاتی ہے ایک اندازے کے مطابق جس کے بیرون ملک 500ملین ڈالر ہیں اس کو پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد 600کروڑ روپے کا فائدہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جو حکمران امریکہ کے سامنے ہاتھ پھیلا کر بھیک مانگتے ہیں وہ امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کس طرح بات کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کے پی کے میں جو بھی کرپشن کرے گا اسے ہم اٹھا کر باہر پھینک دیں گے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزراء کو کابینہ سے فارغ کیا حالانکہ اس وجہ سے ہماری حکومت بھی کمزور ہوئی لیکن ہم نے کرپشن پر کوئی سودا بازی نہیں کی ۔جب سرمایہ کار ی نہیں ہو گی تو روزگارکیسے ملے گا غربت بڑھتی جائے گی ۔ہم نیٹو سپلائی اس لئے بند کی تاکہ ملک میں امن آ جائے ۔جانتا ہوں جب بجلی کے بل آتے ہیں تو لوگوں پر کیا گزرتی ہے ۔امیر سیاستدان اور کاروباری لوگ بیرون ملک سے پیسہ واپس لائیں۔دعویٰ کرتاہوں کہ کیاحالات بہتر ہوئے ہیں اگر کسی بھی وزیرکی کرپشن کا پتہ چلے تو بتائیں تو ہم احتساب سیل کے ذریعے پختونخواہ کا چیف منسٹر اور وزیروں کو نہیں چھوڑے گا ۔ اور ایک وہ اسمبلی جس پر احستاب کرنا تھا اس پر ہی کرپشن کے کیسز ہیں ۔جو کو وزیراعظم نے منتخب کیا وہ وزیراعظم کا کیسے احتسا ب کرے گا جب تک ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوتی امن نہیں آتا یہاں غربت ختم نہیں ہو گی سرمایہ کار ی نہیں ہو گی ، بے روزگاروں کی فوج ہو گی اور مہنگائی پر قابو نہیں پا سکیں گے ‘پچھلی حکومت سال میں 500ارب روپے کے نوٹ چھاپتی تھی تو مہنگائی ہوئی ۔ موجوہ حکو مت 850ارب روپے چار مہینے میں چھاپ چکی ہے یہ کہاں جا رہا ہے نہ آپ کو پتہ نہ مجھے پتا لیکن مہنگائی ہورہی ہے ؟ نوٹ چھاپنے بند کریں ٹیکس اکٹھا کریں 30لاکھ امیر لوگوں کی فہرستنادرا کے پاس ہے ان سے ٹیکس لیں جب تک ان سے ٹیکس نہیں لیں گے تب تک حالات بہتر نہیں ہو سکتے جب بلیک منی کو وائٹ منی میں تبدیل کرنے کی سکیمیں بنائیں گے تو کیسے ملکی معیشت بڑھے گی ؟ یکم جنوری کو پیٹرول، گیس کی قیمتیں بڑھتی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب جنرل سیلز ٹیکس بڑھتا ہے تو تمام چیزیں بڑھ جاتی ہیں میں پوچھتا ہوں کہ جنرل سیلز ٹیکس کیوں بڑھایا 30لاکھ لوگ جو ٹیکس نہیں دیتے ان سے ایک ایک لاکھ ٹیکس لے لیں تو 300ارب روپے کا فائدہ ہو گا جبکہ بجلی مہنگی کرکے صر ف ڈیڑھ سو ارب روپے کا فائدہ ہو گا۔ کھاد پر ٹیکس لگا دیا ہے اس سے چھوٹا کسان کی کھاد مہنگی ہو گی کھانامہنگا ہو گا جنرل سیلز ٹیکس نیچے کریں۔ بڑے بڑے مافیاز بیٹھے ہوئے ہیں ان کے ساتھ حکومت ملی ہوئی ہے میاں صاحب ان مافیا ز پر ہاتھ ڈالیں اس کے بعد کرپشن پر ہاتھ ڈالیں۔ گورنر ہاؤس میں ایک شخص بیٹھا ہوا ہے اور وہاں 1700نوکر ہیں وہاں کام کرنے والے ہیں‘ اس وقت ملک میں ظلم کا نظام ہے ۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ ملک معاشی طو ر پر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور حالت یہ ہے کہ سٹیل مل کے ملازمین کو بھی تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہو سکی کیونکہ حکومت ملازمین کو ان کا حق دینے کے بجائے اپنے لوگوں کو نوازنے کی کوشش کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی اوربے روزگاری میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے حکمران اداروں کو بہتر بنانے کے بجائے ان کی نجکاری کر رہے ہیں جو ملک کے خلاف کسی سازش سے کم نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے اپنی نا اہلیوں اور ناکامیوں کے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور وزیرستان میں فوج آپریشن شروع کرکے عوام اور فوج کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن بند کیاجائے اور مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل ہونا چاہیے ۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاکہ لاہور کے عوام نے مہنگائی کے خلاف تحریک انصاف کی ریلی میں شرکت کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ 11مئی کو عمران خان جیتا ہے میں کہتا ہوں عمران خان چار حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق کروانے کے بجائے 342حلقوں میں ووٹوں میں تصدیق کروانے کا مطالبہ کریں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ حکمران کہتے ہیں کہ ہم نے غریبوں کے نوجوانوں کیلئے 100ارب روپے کا یوتھ پروگرام متعارف کروایا ہے اور مجھے بتایا جائے کہ اس ملک میں غریب کی کون ضمانت دے گا سچ تو یہ ہے کہ غریب کی فائل پہلے اوپر منکر نکیر کے پاس جائے گی جو اسے تصدیق کریں گے اور پھر یہ میانی صاحب میں آکر دفن ہو جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ حکمران قوم کے ساتھ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اور میں دعوے سے کہتا ہوں کہ اسحاق ڈار نے جس دن قوم سے سچ بولا وہ اس کا آخری دن ہو گامیں دیکھتا ہوں کہ یہ کس طرح ڈالر 98روپے پر واپس لاتے ہیں ‘ شریف برادران کا منشی کہتا ہے کہ جی ڈی پی پانچ اعشاریہ تین پر آ گئی ہے جو سب سے بڑا جھوٹ ہے (ن)لیگ کی حکومت کے تمام کرتوت 6ماہ میں قوم کے سامنے آ چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح بلی کھانے کیلئے مٹھائی کی دوکان میں داخل ہوتی ہے اسی طرح (ن)لیگ کا شیر کریانہ کی دوکان میں گھس گیا ہے جہاں سے وہ چینی ، دال اور گھی کھا رہا ہے اور ہر گزرتا وقت غریب پر مہنگائی کے بم برسا رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اور نوازشریف کی پارلیمنٹ پر کوئی نظر نہیں اور وزیراعظم نوازشریف منتخب ہونے کے بعد خود ایوان میں آئے ہیں اور نہ ہی وزراء آتے ہیں جس دن اپوزیشن نے پارلیمنٹ کا مستقل بائیکاٹ کر دیا تو میں دعویٰ سے کہتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے کورم ہی پورا نہیں ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ (ن)لیگ کی حکومت غریب عوام کو ڈانٹ رہی ہے اور قومی خزانہ اپنوں میں بانٹ رہی ہے یہ کہتے ہیں کہ ہم فلم چلا رہے ہیں میں کہتا ہوں کہ یہ تو ٹریلر ہے جب فلم چلے گی تو حکمرانوں کے ہوش اڑ جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکمران غربت اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے معاشی پالیسی بنانے کے بجائے نئے نوٹ چھاپ رہے ہیں اور جتنے نوٹ موجودہ حکمرانوں نے چھاپے ہیں ان کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور شہبازشریف ہر وقت میرٹ کی بات کرتے ہیں لیکن میرٹیہ ہے کہ موجودہ حکومت نے اب تک جتنی بھی تقرریاں کی ہیں وہ سب غیر آئینی اور اپنے لوگوں کو نوازنے کیلئے کی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں پنجاب میں جتنی بڑی دھاندلی کی گئی ہے اور جھرلو پھیرا گیا ہے یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہے اور اب (ن)لیگ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی تیاریاں کر رہی ہے جسے ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہے اور انشاء اللہ بلدیاتی انتخابات میں (ن) لیگ کو شکست فا ش ہو گی۔انہوں نے کہاکہ ہم مڈٹرم انتخابات کا مطالبہ نہیں کرتے مگر سب کچھ کھانے کے باوجود بھی (ن)لیگ کے شیر کی بھوک ختم نہیں ہو رہی اور لاہور کے عوام نے آج عمران خان کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے ۔