اسلام آباد(آئی این پی)الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردیں‘وزیر اعظم نواز شریف کی زرعی زمینوں، ورثے اور تحفے میں ملنے والی یا زیرکفالت افراد کے نام جائیداد، فیکٹریز، ملکی اور غیر ملکی کرنسی کے بینک اکاؤنٹس، طلائی زیورات اور فرنیچرکو ملا کر اثاثوں کی کل مالیت ایک ارب 82کروڑ 40 لاکھ 44ہزار 233 روپے ‘عمران خان پلاٹ ، زرعی زمین ، گاڑیوں اور بینک اکاؤنٹس کی کل مالیت 5کروڑ 93 لاکھ ، 50 ہزار 582 روپے ‘ ذاتی ایک کروڑ 28لاکھ 25ہزار 300 روپے ‘ذمہ واجب الادا رقم 2کروڑ 96لاکھ 75ہزار 291 روپے ‘امین فہیم ‘بیوی بچوں کے نام ہالہ میں 306 ایکٹر زرعی زمین، ڈیفنس کراچی میں 5بنگلے ‘راولپنڈی میں فارم ہاؤس‘ دبئی میں اپارٹمنٹ کی قیمت 22 لاکھ درہم ‘مولانا فضل الرحمن کے بینک اکاؤنٹس میں 16 لاکھ 8ہزار 380 روپے، زیورات کی مالیت ساڑھے 9لاکھ ‘دو مکانوں کی کل مالیت 40 اور 7 لاکھ مالیت کا ایک پلاٹ ہے۔ بدھ کو الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردیں۔ سرکاری ویب سائیٹ سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق کوئی کروڑوں کامالک ہے تو کوئی اربوں کا جبکہ کسی کے پاس صرف چند لاکھ ہیں۔ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے مالی سال 2012 اور 2013 کے ظاہر کئے گئے اثاثوں کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی زرعی زمینوں، ورثے اور تحفے میں ملنے والی یا زیرکفالت افراد کے نام جائیداد، فیکٹریز، ملکی اور غیر ملکی کرنسی کے بینک اکاؤنٹس، طلائی زیورات اور فرنیچر،،کو ملا کر اثاثوں کی کل مالیت ایک ارب 82کروڑ 40 لاکھ 44ہزار 233 روپے ظاہر کی گئی ہے،ان میں سے صرف زرعی زمینوں اور جائیداد کی مالیت ایک ارب 43کروڑ 3لاکھ 32ہزار پانچ سو روپے ہے۔تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خانکے اثاثوں میں پلاٹ ، زرعی زمین ، گاڑیوں اور بینک اکاؤنٹس کی کل مالیت 5کروڑ 93 لاکھ ، 50 ہزار 582 روپے بتائی گئی ہے ،جبکہ ان کے ذاتی ایک کروڑ 28لاکھ 25ہزار 300 روپے ظاہر کیے ہیں ، ان کے ذمہ واجب الادا رقم 2کروڑ 96لاکھ 75ہزار 291 روپے ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے مخدوم امین فہیم کے ظاہر کیے گئے اثاثوں کی تفصیل میں مالی تخمینہ شامل نہیں ،امین فہیم اور ان کے بیوی بچوں کے نام ہالہ میں 306 ایکٹر زرعی زمین، ڈیفنس کراچی میں پانچ بنگلے جن میں صرف دو کی مالیت 3کروڑ اور تین کروڑ تیس لاکھ درج ہے، راولپنڈی کے راول ٹاؤن میں ایک فارم ہاؤس، جبکہ دبئی میں ایک اپارٹمنٹ کی قیمت 22 لاکھ درہم ظاہر کی گئی ہے۔ان کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 20 لاکھ 98 ہزار روپے، گاڑیوں کی مالیت ایک کروڑ 36لاکھ روپے ہے ، 48 لاکھ روپے کے زیورات اور 38لاکھ کا فرنیچر بھی ان کے اثاثوں میں شامل ہیں۔امین فہیم کی فصلوں سے سالانہ آمدن 65 لاکھ روپے، ٹھیکے پر دی گئی زرعی زمین سے 60 لاکھ جبکہ مال مویشی کی مالیت 31لاکھ روپے سے زائد ہے۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے کل ظاہر کیے گئے اثاثے 73 لاکھ 18ہزار 380 روپے کے ہیں،مولانا فضل الرحمن کے بینک اکاؤنٹس میں 16 لاکھ 8ہزار 380 روپے، زیورات کی مالیت ساڑھے 9لاکھ روپے جبکہ دو مکانوں کی کل مالیت 40 اور ایک پلاٹ کی 7لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے محمد فاروق ستار کے فلیٹ، گاڑی، ورثے میں ملنے والی جائیداد میں حصہ ، بینک اکاؤنٹس ، فرنیچر اور زیورات کو ملا کر کل اثاثے36لاکھ 41 ہزار 168روپے ظاہر کیے گئے ہیں ، ان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع رقم کی مالیت 14لاکھ 78ہزار 250 روپے ہے۔