اسلام آباد ( خصو صی رپورٹ )بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ہز ایکسیلنسی سہراب حسین نے وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی مسز انوشہ رحمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور آئی ٹی کے شعبہ میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ باہمی تعلق کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ انہوں نے ٹیلی کام کے شعبہ میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کو خطے میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے مل کر کردار ادا کرنا چاہیے۔
اس موقع پر انوشہ رحمن نے بنگلہ دیشی سفیر کو وزیر ٹیلی کام بنگلہ دیش سے ہونے والی ملاقات کا بھی حوالہ دیا جو\” دولت مشترکہ ٹیلی کام فورم \”کے اجلاس میں ہوئی تھی۔
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے بنگلہ دیش کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو آئی سی ٹی سیکٹر کی ترویج کیلئے ٹیلی کام کے شعبہ میں ملکر کام کرنا ہوگا تاکہ ہر دوممالک باہمی تعاون سے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آئی سی ٹی سیکٹر کو مزیدمستحکم کر سکیں۔