اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستانی غریبوں کے حامی اور غم خوار ایوان بالا کے صرف 13 ارکان 38کروڑ مالیت کے 4570 تولے سونے کے مالک نکلے، ان تیرہ ارکان نے گزشتہ مالی سال میں صرف دو کروڑ 30لاکھ 67لاہزار روپے ٹیکس جمع کرایا، 2 سینیٹروں گل محمد لاٹ اور اعظم خان ہوتی نے اتنا سونا ہونے کے باوجود کوئی ٹیکس جمع نہیں کرایا، یہ دونوں سینیٹر بالترتیب ایک ہزار تولے اور 450تولے سونے کے مالک ہیں، تیرہ میں سے ایک سینیٹر عباس خان آفریدی کا جمع کرایا گیا ٹیکس ایک کروڑ 79 لاکھ 91ہزار 618روپے بنتا ہے، دیگر تمام سینیٹرز کے جمع کرائے گئے ٹیکس کی مالیت لاکھوں اور ہزاروں میں ہے، ان تیرہ سینیٹرز کے پاس موجود 38کروڑ کے سونے پر سالانہ زکوٰۃ 9لاکھ روپے بنتی ہے ،معلوم نہیں ٹیکس نہ دینے والوں نے زکوٰۃ کی ادائیگی بھی کی ہے یا نہیں؟ سینٹ کے ان ارکان کی زمینیں‘ پلاٹ‘ گاڑیاں‘ گھر‘ نقدی اور اندرونی و بیرون ملک کاروبار سمیت دوسرے اثاثے الگ ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جمع کردہ معلومات کے مطابق سینیٹر سیف اللہ مگسی 1100 تولے سونے کے مالک ہیں ، ان کے جمع کرائے گئے ٹیکس کی مالیت 32ہزار 419 روپے ، سینیٹر عدنان خان کے پاس 200تولے سونا، جمع کرائے گئے ٹیکس کی مالیت 28ہزار روپے ، سینیٹر عثمان سیف اللہ 110تولے سونے کے مالک ہیں جمع کرائے گئے ٹیکس کی مالیت 27لاکھ 39ہزار 503روپے ، ادریس صافی 150تولے سونے کے مالک ہیں جمع کرائے گئے ٹیکس کی مالیت 8ہزار 331روپے، کلثوم پروین 120تولے سونے کی مالک ہیں جمع کرائے گئے ٹیکس کی مالیت 53ہزار937 روپے، سینیٹر جعفر اقبال300 تولے سونے کے مالک جمع کرائے گئے ٹیکس یک مالیت 17ہزار 668روپے، نزہت صادق160تولے سونے کی مالک جمع کرائے گئے ٹیکس کی مالیت 6لاکھ 85ہزار 574 روپے، میاں رضا ربانی 220تولے سونے کے مالک جمع کرائے گئے ٹیکس کی مالیت 3لاکھ 16ہزار 542روپے، سلیم مانڈی والا 140تولے سونے کے مالک جمع کرائے گئے ٹیکس کی مالیت 11لاکھ 45ہزار 500روپے،روبینہ خالد500تولے سونے کی مالک ہیں جمع کرائے گئے ٹیکس کی مالیت صرف 28ہزار 91روپے ہے۔