جہانگیر ترین نے ہمارے تمام اگست تک کے واجبات ادا کردیئے ہیں ، جہانگیر ترین کے 40 گھریلو ، 28 ٹیوب ویل ، 2 کاٹن فیکٹریوں، 1 کولڈ سٹوریج اور 4 شوگر ملوں کے بجلی کے بل ادا ہوچکے ہیں،میپکو کی وزارت پانی وبجلی کو رپورٹ
اسلام آباد /ملتان …. ملتا ن الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو) نے وزارت پانی و بجلی کو بتایا ہے کہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے ذمہ کمپنی کے کوئی واجبات بقایا نہیں ، ان کے تمام گھریلو اور تجارتی کنکشنز کے ماہ اگست تک کے بل ادا ہوچکے ہیں ۔ جمعرات کو میپکو کی جانب سے وزارت پانی وبجلی کو بھجوائی گئی رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین کے 40 گھریلو ، 28 ٹیوب ویل ، 2 کاٹن فیکٹری ، 1 کولڈ سٹوریج اور 4 شوگر ملوں کے بجلی کے بل ادا ہوچکے ہیں ، ان کے ذمہ کوئی بھی رقم واجب الادا نہیں ہے ۔ رپورٹ میں جہانگیر ترین کے 75 میٹروں کے حوالہ نمبر دیئے گئے ہیں ، جن میں بقایا جات کے خانے نل بتایا گیا ہے جبکہ کسی رپورٹ میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے قریبی رفقاء اور رائے حسن نواز ایم این اے ، وحید اصغر ایم پی اے اورنگزیب ایم این اے ، اسحق خان خاکوانی سمیت اہم رہنماؤں نے بھی بجلی کے بل جمع کروا دیئے ہیں ۔ واضح رہے کہ عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ کوئی رہنماء اور کارکن بجلی اور گیس کے بل جمع نہ کروائیں ۔