لاہور …..لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم نوازشریف، عمران خان، آصف علی زرداری، چودھری بردران سمیت 60سے زائد اہم شخصیات کے خلاف اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور ڈی جی ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کر لی ۔جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی ۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر جاویداقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ الزام علیہ شخصیات غیرملکی بینکوں میں موجود اپنی دولت برازیل سمیت دیگر ممالک کے بینکوں میں منتقل کر رہے ہیں اور اپنے اثاثے بھی ادھر ادھر کر رہے ہیں۔ عدالت نے اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر بیان حلفی کے ساتھ عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کریں کہ منی لانڈرنگ بارے ابتک کیا کارروائی کی گئی ہے ۔ سماعت کے دورن عدالت میں چیئرمین نیب چودھری قمرالزامان، سینیٹر اعتزازاحسن، بشری اعتزاز سمیت تین الزام علیہہ شخصیات نے تحریری جواب داخل کروایا ۔ عدالت نے تحریری جوابات کی نقول درخواست گزار کے وکیل کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ جبکہ کیس کی مزید سماعت 29ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔