اسلام آباد (صباح نیوز)

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کارکے رینٹل پاور پلانٹ تنازع حل ہو گیا ہے اور ہماری حکومت نے پاکستان پر ایک ارب 20 کروڑ کا جرمانہ بچالیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کارکے(کارکے رینٹل پاور پلانٹ کیس) تنازع حل کرلیا ہے یہ سب ترک صدر رجب طیب اردوان کی مدد سے ممکن ہوا،  تنازع حل ہونے سے پاکستان پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا جرمانہ معاف ہوا۔

وزیراعظم نے حکومتی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارکے تنازع حل کرنے میں حکومتی ٹیم کا بہترین کردار رہا جس کی بدولت انٹرنیشنل سینٹرفارسیٹلمنٹ اینڈ انویسٹمنٹ ڈسپیوٹس کی جانب سے عائد کیا گیا ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر کا جرمانہ بچا لیا گیا،یاد رہے کہ ترکی کی کمپنی کارکے کی درخواست پر جولائی میں سرمایہ کاری کے تنازعات کے حل کے لیے عالمی بینک کے بین الاقوامی ادارے انٹرنیشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹس نے ریکوڈک کیس میں پاکستان پر پانچ ارب 97 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے ریکوڈک میں واقع سونے کی کانیوں میں کھدائی کے حوالے سے لیز میں توسیع نہ کرنے پر تیتان کاپر کمپنی نے بین الاقوامی ثالثی ادارے میں اس کو چیلنج کیا تھا۔