اسلام آباد (صباح نیوز)
پنجاب نے بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے اقدامات مکمل کر لئے جبکہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے ابھی تک انتظامات مکمل نہیں کئے جاسکے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں چھ ماہ کی تاخیر ہو گی۔ جبکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مئی 2020 سے قبل کروا دیئے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات دسمبر 2019میں منعقد ہونا تھے تاہم کے پی کے نے ابھی تک اپنے الیکشن یونٹس کے حوالہ سے نوٹیفیکیشن ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس جمع نہیں کروایا۔ الیکشن کمیشن اس معاملہ کی سماعت بھی کر رہا ہے تاہم کے پی کے حکومت مسلسل یقین دہانیوں کے باوجود ابھی تک یونٹس کے حوالہ سے نوٹیفیکیشن پیش کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔
دوسری جانب پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 2020کے وسط میں ہونا تھے اور پنجاب حکومت کی جانب سے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے اور اس حوالہ سے الیکشن کمیشن کو ترامیم اور آرڈیننس سے آگاہ بھی کر دیا، اس پر الیکشن کمیشن نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
جبکہ الیکشن کمیشن  ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا ہے کہ مطابق خیبر پختو نخوا کے بلدیاتی انتخابات چھ ماہ تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں ، کیونکہ ابھی حلقہ بندیاں کرنی ہیں اور ووٹر لسٹیں تیار کرنی ہیں اور دیگر تیاریاں کرنی ہیں۔ جبکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مئی سے قبل کروا دیئے جائیں گے اور امکان ہے یہ اپریل تک کروا دیئے جائیں گے۔