اسلام آباد (صباح نیوز)

ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 25 جبکہ 1865 افراد متاثر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کے سب سے زیادہ 652 مریض پنجاب میں ہیں جب کہ سندھ میں بھی627 شہریوں میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔خیبرپختونخوا میں 221 اور بلوچستان میں 153 کیسز سامنے آئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 148، اسلام آباد میں 58 اور آزاد کشمیر میں چھ مریض مووجود ہیں۔کورونا وائرس کے سبب سندھ میں سات، پنجاب9، خیبرپختونخوا6، بلوچستان1 اور گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے سبب 2 مریض جاں بحق ہوگئے۔

سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 627، جب کہ پنجاب میں 658 ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق سندھ میں 61 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہو گئی، وائرس سے 7 مریض انتقال کر چکے ہیں جب کہ 42 مریض بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہو گئی، حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد تعداد 57 ہوگئی ہے، جامشورو میں 2 اور جیکب آباد میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ حیدرآباد میں کرونا متاثرین کو مکمل انتظامات کے ساتھ قرنطینہ میں رکھا گیا جنہیں رپورٹ منفی آنے تک زیر علاج رکھا جائے گا، اب تک سندھ میں 41 کرونا متاثرہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

بلوچستان میں مزید 4افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس کے متاثرین 158 ہوگئے۔چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر کے مطابق صوبے میں اب تک 1854 افراد کے ٹیسٹ کئے جن میں 158 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔ ان میں سے 20 افراد لوکل ٹرانسمیشن ہیں۔ 19 مریض صحت یاب ہو چکے جبکہ 139 تاحال زیر علاج ہیں۔ ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے جسے دل کا مرض بھی لاحق ہے۔ اس وقت 134 مریض کوئٹہ اور 5 نوکنڈی میں زیر علاج ہیں۔چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ اسپتالوں میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے ڈاکٹروں و دیگر اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ ڈاکٹروں کے تحفظ کے لئے 60 ہزار حفاظتی کٹس آئندہ ہفتے پہنچ جائیں گی۔ لاکھوں کی تعداد میں ماسک بھی جلد کوئٹہ میں دستیاب ہوں گی۔ دو ہزار حفاظتی کٹس، ماسک اور سینٹائزر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ سریاب روڈ پر ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ویلج بنانے جا رہے ہیں.انہوں نے کہا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کی مالی امداد کی جائے گی۔ پی ڈیم اے راشن کے بیگ بنا کر تقسیم کرے گا۔ حکومت بلوچستان نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ریلیف فنڈ بھی قائم کر دیا۔ ریلیف اکاونٹ کا آئی بی این نمبر 3165265822 نان بی این نمبر این بی پی اے پی کے 71 0173003165265822 ہے۔صوبائی حکومت نے صوبائی حکومت کی صنعت کاروں، مخیر حضرات، اور رفاہی اداروں سے نقد عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان حکومت نے اضلاع کی سطح پر فوڈ سیکورٹی کمیٹیاں قائم کر دیں۔ کیمٹی کے سربراہ ڈپٹی کمشنر ہوں گے جبکہ زراعت، لائیو اسٹاک اور محنت و افرادی قوت کے نمائندے کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ کمیٹی مستحق افراد کی نشاندہی اور خوراک تقسیم کرے گی۔دریں اثنا پاک ایران سرحد 38 ویں جبکہ پاک افغان سرحد 30 ویں روز بھی بند رہی۔ صوبے بھر میں 8 ویں روز بھی لاک ڈاؤن نافذ رہا۔ کوئٹہ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ نے 20 دکانیں سیل اور 19 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ 28 گاڑیوں کے چالان بھی کئے گئے۔