نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 457 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 182 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کا شکار افراد کی تعداد 4 ہزار 970 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 افراد کورونا کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 77 ہوگئی ہے جب کہ 50 کی حالت تشویشناک ہے۔

کہاں کتنے مریض ؟

حکام کے مطابق اب تک پنجاب میں 2414، سندھ 1318، بلوچستان 220، خیبر پختونخوا میں 656، آزاد کشمیر 34، اسلام آباد میں 113 اور گلگت بلتستان میں 215  کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں

کورونا وائرس کے باعث ملک میں سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبر پختونخوا میں ہوئیں جہاں 25 جبکہ سندھ 28، پنجاب 19، گلگت بلتستان 3، اسلام آباد اور بلوچستان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا، جبکہ آزاد کشمیر میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

کورونا کے ٹیسٹس

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک ملک بھر میں 57 ہزار 836 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور 587 اسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز میں مریضوں کا علاج جاری ہے۔

مزید چینی امداد آگئی

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 22 ٹن حفاظتی سامان لے کر چین سے پی آئی اے کی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی جس میں وینٹی لیٹرز، سرجیکل اور میڈیکل ماسک سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔

ایک اور ڈاکٹر کورونا کا شکار

کراچی میں کورونا وائرس سے سرکاری و نجی اسپتالوں میں طبی عملہ اور ڈاکٹرز بھی متاثر ہونے لگے۔ شہید بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر کے آئی سی یو میں کام کرنے والے 35 سالہ ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

24 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد چاروں صوبوں میں 24 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی، وفاقی حکومت کی منظوری سے لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد ٹرین آپریشن شروع کرنے کے سلسلے میں چند حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے۔

امریکا میں ایک روز میں 2 ہزار سے زیادہ اموات

امریکا میں ایک ہی روز میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2000 سے تجاوز کرگئی۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کولمبیا سمیت امریکا کی 50 ریاستوں میں کم ازکم 2 ہزار 35 افراد کووڈ 19 سے وابستہ پیچیدگیوں کے باعث ہلاک ہوئے۔ جس کے بعد امریکا میں اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 725 ہوگئی۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔