کراچی(صباح نیوز)

شہری انتظامیہ نے حکومت سندھ کی ہدایت پر اتوار کو کراچی میں کورونا وائرس سے بچائو کے لیے متاثرہ یوسیز کے متاثرہ علاقوں کو سیل کرنے کے  لئے مختلف مقامات پر ٹرک اور کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیئے  ہیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے جوہر موڑ، جوہر چورنگی، راشد منہاس روڈ کو بھی مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے۔اسی طرح گلستانِ جوہر کے مختلف بلاکس کی تمام گلیاں ٹرک اور کنٹینر لگا کر سیل کردی گئی ہیں جبکہ  ڈالمیا کے اطراف کے بھی تمام روڈ مکمل بند ہیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے متصل آبادیپہلوان گوٹھ جانے اور آنے والے راستے بھی مکمل سیل کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے معاملے میں 42 یونین کونسلز کو ہاٹ اسپاٹ قرار دیاجا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِصدارت اجلاس میں ضلع جنوبی میں بھی کچھ علاقے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔