اسلام آباد(صباح نیوز)

حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 11مئی (پیرکو) سہ پہر3بجے بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔  پارلیمنٹ ہائوس میں سید فخر امام کے زیر سربراہی ہونے والی پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  بتایا کہ پیر 11مئی کو 3بجے پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اجلاس ایک دن کے وقفے سے جاری رہے گا، طے ہوا ہے کہ اس اجلاس میں کورم کی نشاندہی نہیں کی جائے گی۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس کو کورونا وبا تک محدود رکھا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیٹرز کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ پارلیمنٹ لاجز میں بھی آمد و رفت کو محدود رکھا جائے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پارلیمان کو قومی اتفاق رائے کے لئے استعمال کیا جانا چاہے۔ ہمیں کرونا وائرس کی صورتحال اور قومی ایکشن پلان پر توجہ دینا چاہیے۔ اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صحت یابی کے  لیے بھی دعا کی گئی۔دوسری جانب حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے فیصلہ سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ ن سمیت حزب اختلاف نے اجلاس بلانے کے لیے جمع کروائی گئی ریکوزیشن بھی  واپس لی ہے۔