لاہور (صباح نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایکسپو سینٹرفیلڈ ہسپتال سمیت دیگر قرنطینہ مراکز میں کنٹین بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ داخل مریض اپنی مرضی کے مطابق معیاری کھانے کاانتخاب کرسکیںگے۔قرنطینہ کنٹین کے عملے کیلئے طبی گاؤن،ماسک اورحفاظتی سامان کا استعمال ضروری قراردیاگیاہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میںاجلاس منعقد ہوا،جس میںہوم قرنطینہ کا طریقہ کار اورایس او پیز طے کرنے پر غور کیاگیا۔صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے وزیراعلیٰ کو ہوم قرنطینہ کے مجوزہ ایس او پیز سے آگا ہ کیا ۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ ہوم قرنطینہ میں جانے والے افراد کے اہل خانہ کا تحفظ پہلی ترجیح ہے ۔ہوم قرنطینہ سے متعلق عالمی معیار کے مطابق گائیڈ لائنز فراہم کی جائیںگی۔قرنطینہ کے معیار سے متعلق ضروری نکات سے تحریری طورپر آگاہ کیا جائے گا۔حکومت کی مقرر کردہ ٹیم گھروں میں جا کر قرنطینہ کے معیار کو چیک کرسکیںگی۔ہوم قرنطینہ اپنانے پرخصوصی بیان حلفی بھی دینا ہوگا۔بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو 14دن تک زیر نگرانی رکھنا ضروری ہوگا۔حکومت کے قائم کردہ قرنطینہ مراکز اورہوٹل میں جانے کی آپشن دی جائے گی۔24گھنٹے میں سیمپل لیکررپورٹ آجائے گی اورپازیٹو ہونے کی صورت میں قرنطینہ جانا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ اضلاع میں بھیجے جانیوالے کورونا مریضوں کی آمدورفت کیلئے فول پروف طریقہ کار اپنانے کی ہدایت کی ہے ۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ کو ایکسپو سینٹر قرنطینہ مرکز سے متعلق رپورٹ پیش کی۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں مزید بتایاگیاکہ داخل مریضوں کوتازہ روٹی فراہم کرنے کیلئے تندور لگادیا گیاہے ۔مریضوں کو کھانے کے علاوہ فروٹ اورسلاد وغیر ہ بھی دیا جائے گا۔ایکسپوسینٹر میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جارہاہے ۔وزیراعلیٰ نے ایکسپو سینٹر میں داخل مریضوں کو درپیش مسائل فوری طورپر حل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اجلاس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد ،راجہ یاسر ہمایوں،صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔