اسلام آباد (صباح نیوز)

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت شیعہ علما کے ساتھ ویڈیو مشاورتی اجلاس ہوا۔ صوبوں سے مشاورت کے بعد عزاداری جلوسوں کی اجازت بارے فیصلہ کیا جائے گا۔اجلاس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری مذہبی امور بھی شریک ہوئے۔ سندھ اور پنجاب سے شیعہ علما اور اعلی حکومتی حکام بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔جاری بیان کے مطابق اجلاس میں کورونا وبا کے پیش نظر جلوس عزاداری اور اجتماعات کے انعقاد بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ مذہبی حلقوں نے 20نکاتی متفقہ اعلامیہ پر کافی حد تک عملدرآمد کیا ہے۔موجودہ حالات میں عوام کو کورونا وبا سے بچاو اولین ترجیح ہو گی۔پیر نور الحق قادری نے کہا کہ باقی صوبوں سے مشاورت کے بعد جلوسوں کی اجازت بارے فیصلہ کیا جائے گا۔