اسلام آباد(صباح نیوز)

ملک بھرمیں منگل کے روزکورونا سے مزید28افراد کی موت واقع ہوئی ہے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوںکی مجموعی تعداد 734ہوگئی جبکہ مہلک وائرس سے متاثرہ مزید776کیسزسامنے آئے ہیں، نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 32820تک جاپہنچی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 267افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 218اور پنجاب میں 211افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 27، اسلام آباد 6، گلگت بلتستان میں 4اور آزاد کشمیر ممیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک ملک بھر میں 305851افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10957لوگوں کا ٹیسٹ کیا گیا، ان میں سے776افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ28اموات رپورٹ ہوئیں۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 8555افراد کورونا مرض سے مکمل صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔ صوبہ سندھ کی صورتحال سب سے خطرناک ہے جہاں کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہے۔سندھ میں کورونا کے مزید 593کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک روز میں سب سے زیادہ 18ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلی سندھ نے کی۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ  24گھنٹوں میں کل 4064ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 593نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 18اموات بھی ہوئیں جو اب تک سندھ میں ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔وزیراعلی سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعدد 12610ہوگئی ہے اور 218 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے  2149افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں   مزید 10 افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 267 تک جاپہنچی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں 5، مردان میں تین، صوابی اور مالاکنڈ میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 146 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5021 تک جاپہنچی ہے۔محکمہ صحت کے پی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے 1305 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسے  کورونا وائرس کے مزید 37کیسز  سامنے آئے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 716ہو گئی ہے جبکہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔آزاد کشمیر میں  منگل کے روز تک  کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔آزاد کشمیر میں پیر کے روز کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی تھی  جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے ترجمان ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کی۔ڈاکٹر مصطفی بشیر نے بتایا کہ 85 سال کے مریض کو کورونا کے باعث 8 مئی کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 86ہے اور اب تک 64افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔خیال رہے کہپنجاب میں پیر کو کورونا سے مزید 14 افراد جاں بحق ہوئے  تھے جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 211 ہوگئی۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)پنجاب کے مطابق مزید 301افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 11869 تک جاپہنچی ہے۔ بلوچستان میں پیر کو کورونا وائرس کے 44 نئے کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی  تھی جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 27ہوگئی۔صوبائی محکمہ صحت نے نئے کیسز تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 2061ہوگئی ہے جبکہ 242افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔