کراچی(صباح نیوز)

وفاقی حکومت نے تمام انٹرنیشنل ائیرپورٹس سے بین الاقوامی پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے ای) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومتی اجازت کے بعد ملک بھر کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے آوٹ باونڈ انٹرنیشنل فلائٹ  آپریشن (پاکستان سے دیگر ممالک کیلئے جانے والی پروازیں) رات 12 بجے سے شروع کردیا جائے گا۔ سول ایوی ایشن کے مطابق  تمام ملکی اور غیر ملکی ائیر لائنز کو  اپنی آوٹ باونڈ بین الاقوامی پروازیں شروع کردیں گے جن میں شیڈول، نان شیڈول اور چارٹر پروازیں شامل ہیں۔بین الاقوامی فلائٹ آپریشن رات 12بجے ملک کے تمام بین الاقوامی ائیرپورٹس سے سے شروع ہوجائے گا تاہم ایئرلائنز کو گوادر اور تربت کے ہوائی اڈوں سے آپریٹ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔سول ایوی ایشن کے بیان میں یہ واضح نہیں کہ آیا ملکی و غیر ملکی ائیرلائنز کو پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر  لینڈ کرنے کی بھی اجازت ہوگی یا صرف فی الحال آٹ بانڈ پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ائیرلائنز کیلئے ایس او پیز کی پاسداری لازمی ہوگی، ہوائی جہازوں میں جراثیم کش اسپرے اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہوگا جبکہ ہوائی اڈوں میں رش لگانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد ہے جبکہ حکومت نے پروازوں کی بندش کے دوران بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے کچھ غیر ملکی پروازیں خصوصی طور پر چلانے کی اجازت دے رکھی ہے البتہ ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن بحال ہوچکا ہے