اسلام آباد،کراچی (صباح نیوز)

ایئر بس کمپنی نے ایوی ایشن ڈویژن اور تحقیقاتی ٹیم سے براہ راست رابطہ کر کے کراچی میں گرکر تباہ ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے طیارے کا وائس اور ڈیٹا ریکارڈ فرانس لے جانے کی درخواست کی ہے تاکہ مزید تحقیقات کی جاسکیں جبکہ ایوی ایشن ڈویژن کے وائس اور ڈیٹا ریکارڈ فرانس لے جانے کی اجازت دے دی  ۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن نے فرانسیسی کمپنی سے درخواست کی ہے کہ حادثہ کے حوالے  سے رپورٹ جلد ازجلد تیار کی جائے اور اگر یہ رپورٹ  ایک ماہ میں تیار کر لی جائے  گی تو اسے پبلک کرنے میں آسانی ہو گی جبکہ دوسری جانب کراچی طیارہ حادثہ کی مزید چار میتوں کی ڈی این اے کے  ذریعہ شناخت ہو گئی  جس کے بعد چاروں جاں بحق  ا فراد کی نعشیں لواحقین کے حوالہ کر دی گئیں، بلال احمد، طاہر محمود، تاج محمد اور محمد زبیر کی نعشوں کی شناخت ہو گئی جن چار افراد کی شناخت ہوئی ہے ،ان میں سے بلال احمد کا تعلق پنجاب کے ضلع گجرات سے ہے جبکہ طاہر ہ محمود، محمد زبیر اور تاج محمد کا تعلق کراچی  کے مختلف علاقوں سے ہے۔ جبکہ19 نعشیں اب بھی ایدھی  سہراب گوٹھ سرد خانے  میں موجود ہیں جبکہ کچھ افراد کی نعشیں چھیپا کے سردخانے میں بھی موجود ہیں،  طیارہ حادثہ میں 97مسافر جاں بحق ہو گئے تھے جن میں سے اب تک 74کی شناخت ہو چکی ہے۔