کراچی

آل پاکستان لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ایسوسی ایشن (اپیلڈا) نے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالاضحی سے قبل ملک بھر میں مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دی جائے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اپیلڈا کی کور کمیٹی نے ایک اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا کہ غریب کسان سال بھر مویشی پالتے ہیں تاکہ عید کے موقع پر شہروں میں لگی مویشی منڈیوں میں اپنے جانور بیچ کر اپنا گزر بسر کر سکیں، اس کے ساتھ قربانی کرنے والوں کو بھی مویشی منڈیوں میں مناسب قیمت پر اپنی پسند کے جانور مل جاتے ہیں لہٰذا مویشی منڈیوں کے اہتمام کرنے کا بروقت فیصلہ انتہائی ضروری ہے۔

اپیلڈا کی کور کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ جیسے دیگر کاروبار ایس او پیز کے تحت کھول دیے گئے ہیں، اسی طرح مویشی منڈیوں کیلئے بھی مؤثر ایس او پیز بنا کر ملک بھر میں مویشی منڈیوں کی اجازت دی جائے۔ اس موقع پر اپیلڈا نے حکومت کو تمام ایس اوپیز پر عمل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔