روس نے کورونا کی ویکسین کا کامیاب تجربہ کرلیا
ماسکو(ساوتھ ایشین وائر)روس کی سیکنوو یونیورسٹی نے کووڈ۔19 کی ویکسین کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ یونیورسٹی کے محکمہ کلینیکل ریسرچ اینڈ میڈیکیشنز کے اہم محقق الینا سمولیاروچک نے بتایا کہ تحقیق مکمل ہوچکی ہے اور یہ ثابت ہوگیا ہے کہ یہ ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ویکسین کے سلسلے میں بھارت میں واقع روسی سفارت خانے نے کہا کہ یہ کورونا انفیکشن کے خلاف تیار کی جانے والی پہلی کامیاب ویکسین ہے۔قابل ذکر ہے کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے بھارت میں بنی ویکسین کے بھی کلینکل ٹرائل چل رہے ہیں۔ اس کے علاوہ برطانیہ کے آکسفورڈ یونیورسٹی میں تیار کی جانے والی ویکسین کا بھی ٹرائل کیا جارہا ہے۔