لاہور: ویب ڈیسک

ملک بھر میں سونے کی قیمت کو پر لگ گئے، قیمتیں بڑھنے کے بعد دس گرام سونے کی قیمت بھی ایک لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت ساڑھے 8 سال کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی ہے، عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 24 ڈالرفی اونس بڑھ گئی، عالمی منڈی میں سونا ایک ہزار 880 ڈالرفی اونس تک پہنچ گیا، سونے کی قیمت بلندترین سطح سے 32 ڈالرفی اونس کی دوری پر ہے، اگست 2011 میں سونے کی قیمت ایک ہزار 912 ڈالر فی اونس کی سطح پرگئی تھی۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، فیصل آباد، سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 300 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 17 ہزار 300 روپے ہو گئی ہے۔

دریں اثناء دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 1 ہزار 972 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ روپے سے تجاوز کر کے ایک لاکھ 556 روپے ہو گئی ہے۔ 22 قیراط دس گرام سونے کی قیمت 92 ہزار 185 روپے ہو گئی ہے۔

اُدھر چاندی کی قیمت 30 روپے بڑھ گئی جس کے بعد فی تولہ چاندی کی قیمت 1 ہزار 350 روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ دس گرام چاندی کی قیمت میں 25 روپے 70 پیسے کی بڑھوتری دیکھی گئی، دس گرام چاندی کی نئی قیمت 1 ہزار 157.40 روپے ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت 23 امریکی ڈالر ہے۔