مکہ المکرمہ (صباح نیوز)

خانہ کعبہ کا غلاف کسوہ یوم عرفہ یعنی 9 ذی الحج کو تبدیل کیا جائے گا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مکہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے یہ غلاف کعبہ کے منتظم صالح بن زین العابدین الشعبی کے حوالے کردیا ہے۔سیاہ رنگ اور قرآنی آیات سے سجے ہوئے غلاف کو ہر سال اسی تاریخ کو تبدیل کیا جاتا ہے، کیونکہ دن حج کے اہم ترین رکن وقوف عرفہ کا ہوتا ہے، جب حجاج عرفات کے میدان میں گزارتے ہیں اور کعبے میں ہجوم نہیں ہوتا۔ سعودی دور سے پہلے صدیوں تک کسوہ کے لیے کپڑا مصر سے آتا رہا۔ شاہ عبدالعزیز کے دور میں کسوہ کے لیے الگ محکمہ قائم کیا اور پہلی بار اس کے لیے کپڑا مکہ میں بننا شروع ہوا، بعد میں اس کا کارخانہ ام الجود منتقل کردیا گیا، اس کارخانے میں پانی کو پاک کیا جاتا ہے جس سے کسوہ میں استعمال کیے جانے والے ریشم کو دھویا جاتا ہے،ریشم کو بعد میں سیاہ اور سبز رنگوں میں رنگا جاتا ہے اور خصوصی کیمیکلز استعمال کیے جاتے ہیں۔ سوتی کپڑے کو بھی اسی طرح دھویا اور رنگا جاتا ہے۔ کسوہ پر مشینوں کے ذریعے قرآنی آیات اور دعائیں کاڑھی جاتی ہیں۔ اس غرض سے ریشم کے علاوہ سونے کے تار استعمال کیے جاتے ہیں،یہ مشینیں فی میٹر 9986 دھاگے استعمال کرتی ہیں، تاکہ کسوہ کو ریکارڈ مدت میں تیار کیا جاسکے۔