لاہور(صباح نیوز) وزیرعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہریوں سے ان کے مسائل دریافت کیے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی نے رات گئے بغیر پروٹوکول شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عید الاضحی کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاون پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ نے لبرٹی کے قریب پارک میں سونے والے بعض افراد کو پناہ گاہ میں منتقل کرنے کی ہدایت کی اور بعض مقامات پر کوڑا کرکٹ دیکھ کر برہمی کا اظہارکیا،انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کو شہر میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔سردار عثمان بزدار نے گلبرگ،شادمان، جیل روڈ، شملہ پہاڑی، سرکلرروڈ، اور دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا،جس کے بعد وزیراعلی نے تھانہ باغبانپورہ اور تھانہ شادمان پر چھاپہ مارا،جہاں انہوں نے تھانوں کا ریکارڈ چیک کیا اورحوالات میں بند ملزمان سے گفتگو کی۔وزیراعلی نے تھانوں میں صفائی کی خراب صورتحال پر عملے کی سرزنش کی، اپنے سرپرائز دورے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریلوے اسٹیشن کے قریب پناہ گاہ کا بھی دورہ کیااور پناہ گاہ میں مقیم لوگوں کے لئے سہولتوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اچانک دوروں سے اصل زمینی حقائق سے علم ہوتا ہے،شہری مسائل کے حل کے لیے ایسے وزٹ آ ئندہ بھی کروں گا۔