لاہور: (ویب  ڈیسک)

لاہور ہائیکورٹ نے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی، پھل فروش، میڈیکل سٹور اور پرچون کی دکانوں پر بھی پلاسٹک بیگ استعمال نہیں ہوگا۔ عدالت نے محکمہ تحفظ ماحول کو عدالتی حکم پر من و عن عملدرآمد کرانے کا حکم دے دیا۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ محکمہ تحفظ ماحول پرچون کی دکانوں پر بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے حکم پر عملدرآمد کروائے، میڈیکل سٹورز، پھل فروشوں اور پرچون دکانداروں کو پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کرنے کیلئے 2 ہفتے کا نوٹس دیا جائے۔ عدالت نے نوٹس کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ وائس چیئرمین ایل ڈی اے کے مطابق نئے تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں میں ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کیلئے قواعد و ضوابط بنائے جانے کا بیان بھی وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے دیا، آئندہ سماعت پر ایل ڈی اے کے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف قواعد و ضوابط کی رپورٹ پیش کی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ میں کیس پر مزید سماعت 9 ستمبر کو ہوگی۔